مسلم شمیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تیری دل نواز باتیں تری دل نشیں ادائیں (غزل)
تیری دل نواز باتیں تری دل نشیں ادائیں
تری آرزو میں کیسے نہ جہاں کو بھول جائیں
کوئی گیت گنگنائیں کہ غزل کوئی سنائیں
ترے گیسوؤں کے سائے میں یہ سوچ بھی نہ پائیں
یہ نہ جانے آج کس نے در دل پہ دی ہے دستک
یہ جو اٹھ رہا ہے طوفاں اسے کس طرح دبائیں
یہ نوازش جنوں ہے کہ فسوں تری نظر کا
یہ مطالبہ ہے دل کا ابھی اور فریب کھائیں
تری انجمن میں اب بھی ہیں شمیمؔ اجنبی سے
کسے رازداں بنائیں کسے زخم دل دکھائیں
نفرت ہے فضا میں تو محبت بھی بہت ہے (غزل)
نفرت ہے فضا میں تو محبت بھی بہت ہے
جینے کے لیے درد کی دولت بھی بہت ہے
ہے دست ستم گر کو اگر فرصت آزار
دکھیاروں میں دکھ سہنے کی ہمت بھی بہت ہے
کچھ شمع کہ ہے حسن جہاں سوز کا جادو
پروانوں میں کچھ شوق شہادت بھی بہت ہے
مائل بہ کرم بھی ہوا کرتے ہیں وہ اکثر
تعزیر پسند اپنی طبیعت بھی بہت ہے
ہیں قتل پہ آمادہ ہمہ وقت وہ اس کے
جس کے لیے آنکھوں میں مروت بھی بہت ہے
اب دست مسیحا کی کرامات ہیں وہ چند
مرہم بھی ہے سامان جراحت بھی بہت ہے
کس سے پوچھوں کہ جھوٹ سچ کیا ہے (نظم)
کس سے پوچھوں کہ جھوٹ سچ کیا ہے
تیرگی کیا ہے روشنی کیا ہے
کون معیار خیر و شر سمجھائے
کون تکذیب جبر و جہل کرے
وقت کس سمت ہے رواں پیہم
وجہ تخلیق و ارتقا کیا ہے
زندگی وہم ہے حقیقت ہے
شجر درد سایۂ غم ہے
کس سے مفہوم ما و من پوچھوں
کون تقدیر حسن و عشق بتائے
کس سے پوچھوں صلیب و دار کا راز
عظمت جام زہر کون بتائے
عقل و دانش پہ کفر کے فتوے
فکر و فن پر ہے تہمت الحاد
اس تقدس مآب دنیا میں
کس سے پوچھوں میں کون ہوں کیا ہوں
کوئی افسانہ کوئی خواب ہوں میں
کوئی تحریر نا تمام ہوں میں
کوئی صحرائے درد و کرب ہوں میں
خوف و خدشات کے جہنم میں
کتنی صدیوں سے جل رہا ہوں میں