پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مسلم مالیگانوی کی غزلیں — Muslim Maleganwi Ghazals

مسلم مالیگانوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہر کسی کے ہے سمجھنے کی نہ سمجھانے کی بات (غزل)

ہر کسی کے ہے سمجھنے کی نہ سمجھانے کی بات

عشق کیا ہے جیتے جی بے موت مر جانے کی بات

داستان قیس کو سمجھے تھے دیوانے کی بات

اک حقیقت بن گئی آخر کو افسانے کی بات

رخ نے کی زلفوں کی اور زلفوں نے کی شانے کی بات

اور الجھتی ہی چلی جاتی ہے سلجھانے کی بات

یہ تو ہوتا ہے بڑے ہی حوصلے والوں کا کام

سہل کب ہے آنکھوں ہی آنکھوں میں پی جانے کی بات

کر لیں خود لیلیٰ وشوں نے بستیاں اپنی تباہ

یوں ہی کہہ دی تھی کہیں مجنوں نے ویرانے کی بات

ان بتوں کو دیکھ کر شان خدا یاد آ گئی

یوں حرم تک جا کے پہنچی ہے صنم خانے کی بات

جانے کیا ظالم نے چپکے سے اشارہ کر دیا

رات بھر روتی ہے سن کر شمع پروانے کی بات

کوئی مطلب ہی کا فقرہ ہاتھ آ جاتا تمہیں

عقل والو اک ذرا سن لیتے دیوانے کی بات

ہم تو کہتے ہیں کہ مسلمؔ وزن رکھتی ہے ضرور

قصۂ دیر و حرم پر ایک میخانے کی بات

فقط دو ہچکیوں میں ختم قصہ شام غم کا ہے (غزل)

فقط دو ہچکیوں میں ختم قصہ شام غم کا ہے

چراغ زندگی اب ساتھ تیرا کوئی دم کا ہے

اثر یہ آبلہ پایان الفت کے قدم کا ہے

جہاں کے گوشے گوشے پر گماں باغ ارم کا ہے

چلی جاتی ہے دنیا کارواں در کارواں ہو کر

الٰہی کیا علاقہ ملک ہستی سے عدم کا ہے

یہ کعبے میں کہاں لے آئے میرے ہم سفر مجھ کو

دل وحشی تو شیدا لیلیٰٔ زلف صنم کا ہے

ٹھہر بے صبر دل وہ بے تکلف ہوتے جاتے ہیں

یہ چلمن کوئی ساعت کی یہ پردہ کوئی دم کا ہے

وہ لطف بندگی و شان آقائی کو کیا جانے

دل واعظ تو شیدائی فقط باغ ارم کا ہے

عبث جمعیت دل کی تمنا ہے یہاں مسلمؔ

یہ دنیا ایک افسانہ غم و درد و الم کا ہے

مزید غزلیں از مسلم مالیگانوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں