پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Muslim Ansari کی غزلیں — Muslim Ansari Ghazals

Muslim Ansari کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گلشن میں پھول کھلتے ہی صد چاک ہو گئے (غزل)

گلشن میں پھول کھلتے ہی صد چاک ہو گئے

رنگین حادثے تھے المناک ہو گئے

دور سبو و جام چلا میکدے میں جب

ہم بے نیاز گردش افلاک ہو گئے

دیکھا جو میرا حال زبوں شام انتظار

اپنے تو اپنے غیر بھی نمناک ہو گئے

ساقی یہ تیرا فیض کرم ہے کہ میگسار

بے باک تھے ہی اور بھی بے باک ہو گئے

باد صبا کو ضد ہے کہ کیوں خاک بھی رہے

مر کر جو کوئے یار میں ہم خاک ہو گئے

یہ انقلاب وقت کا اعجاز دیکھیے

اہل جنوں بھی صاحب ادراک ہو گئے

اچھا ہوا جو مسلمؔ دیوانہ چل بسا

قصے تو دار و گیر کے اب پاک ہو گئے

نمود صبح کی پہلی کرن کچھ اور کہتی ہے (غزل)

نمود صبح کی پہلی کرن کچھ اور کہتی ہے

مگر تاریکیٔ خاک وطن کچھ اور کہتی ہے

پیام موسم گل باغباں میرے سر آنکھوں پر

مگر ویرانیٔ صحن چمن کچھ اور کہتی ہے

وہاں ہے ناز اہل جاہ کو قومی ترقی پر

یہاں بیکاریٔ ارباب فن کچھ اور کہتی ہے

نہ ہو مایوس تم حالات سے دیر و حرم والو

کہ اب تنظیم شیخ و برہمن کچھ اور کہتی ہے

گدائی سے کہیں ملتی ہے آزادی زبانوں کو

اٹھو کہ غیرت اہل سخن کچھ اور کہتی ہے

کسے ہم معتبر سمجھیں کسے نا معتبر مسلمؔ

سحر کچھ اور کہتی ہے کرن کچھ اور کہتی ہے

مزید غزلیں از Muslim Ansari ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں