مسکان سید ریاض کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اسی طرح ہمیں ذکر خدا ضروری ہے (غزل)
اسی طرح ہمیں ذکر خدا ضروری ہے
کہ جیسے جسم کو اچھی غذا ضروری ہے
کچھ ایسے کھوئے تری ذات میں کہ بھول گئے
نبھانا خود سے بھی عہد وفا ضروری ہے
ہے اچھی بات طبیعت میں انکسار بھی ہو
مگر مزاج میں تھوڑی انا ضروری ہے
مرے طبیب نے مجھ کو دوا تو دی ہے ضرور
شفا کے واسطے لیکن دعا ضروری ہے
ہے منزلوں پہ پہنچنے کی جستجو تو ہمیں
تمہارے جیسا کوئی نقش پا ضروری ہے
نظارۂ دل کش کبھی دیکھا ہی نہیں ہے (غزل)
نظارۂ دل کش کبھی دیکھا ہی نہیں ہے
آنکھوں میں کوئی عکس اترتا ہی نہیں ہے
حیرت ہے کہ تم پر وہ عیاں ہو گیا کیسے
قصہ جو کبھی ہم نے سنایا ہی نہیں ہے
سو بار بہاروں نے کیا رخ مری جانب
موسم یہ مرے دل کا بدلتا ہی نہیں ہے
کیسے ہو پرکھ ایک کہانی سے کسی کی
کردار کہانی میں سمٹتا ہی نہیں ہے
ڈھلنا ہے جسے قوس قزح میں وہ کرن ہوں
ڈر اپنے بکھر جانے کا لگتا ہی نہیں ہے
وہ چاند تغیر سے کبھی باز نہ آیا
تاریکئ شب کی اسے پروا ہی نہیں ہے