Mushtaque Ahzan کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ کھل کر دشمنی کا وہ کبھی اظہار کرتا ہے (غزل)
نہ کھل کر دشمنی کا وہ کبھی اظہار کرتا ہے
بڑا کم ظرف ہے چھپ کر ہمیشہ وار کرتا ہے
کہاں رغبت رہی ہے آج بچوں کو کھلونوں سے
یہ وہ طبقہ ہے جو اب چاقوؤں سے پیار کرتا ہے
کبھی کوئی بھی غم اس شخص پر غالب نہیں آتا
وہ کیسا شخص ہے محرومیوں سے پیار کرتا ہے
کبھی تو اس کی باتوں سے گماں ہوتا ہے پھولوں کا
کبھی نشتر چبھو کر وہ جگر کے پار کرتا ہے
جو دعویٰ کرتا رہتا ہے مسیحائی کا ہر لمحہ
تعصب کی کھڑی احزنؔ وہی دیوار کرتا ہے
کسی کی رہنمائی کو اگر مانے نہیں ہوتے (غزل)
کسی کی رہنمائی کو اگر مانے نہیں ہوتے
تو شہر سنگ میں اپنے بھی کاشانے نہیں ہوتے
تحمل ڈگمگاتا ہے لرزتی ہے انا میری
کبھی بچوں کی خاطر گھر پہ جب دانے نہیں ہوتے
نہ ہوتا خوف دہشت کا جو رشتہ دشت صحرا سے
کبھی مشہور اتنے دشت و ویرانے نہیں ہوتے
الگ اپنوں سے مجھ کو کر دیا میری غریبی نے
اگر زردار میں ہوتا وہ بیگانے نہیں ہوتے
مصائب ہر طرح مشتاق احزنؔ جھیل جاتا ہے
کبھی اس کے لبوں پہ غم کے افسانے نہیں ہوتے