مشتاق سنگھ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا کروں کچھ بھی سمجھ آتا نہیں (غزل)
کیا کروں کچھ بھی سمجھ آتا نہیں
وہ خیالوں سے مرے جاتا نہیں
کیا خبر چہرہ کہاں وہ کھو گیا
خواب میں بھی جو نظر آتا نہیں
رات جگنو چاند تاروں کا ہجوم
دل پریشاں چین کیوں پاتا نہیں
کوئی سورج اپنے دامن میں لیے
خواب فردا کا نشاں آتا نہیں
برف ذہنوں میں جمی ہے اس قدر
حادثوں کا ڈر بھی گرماتا نہیں
اس قدر دھندلا گیا ہے آئنہ
کوئی بھی چہرہ نظر آتا نہیں
کس لیے ان کے تصور کا طلسم
اب دل مشتاقؔ بہلاتا نہیں
ساری رات کہانی سن کے ہم تو لب نہ کھولیں گے (غزل)
ساری رات کہانی سن کے ہم تو لب نہ کھولیں گے
ویسے چھپ کے ہنس بھی لیں گے ویسے تنہا رو لیں گے
اجڑے دل کی بستی والے اتنے غافل ہوتے ہیں
کھو بھی گئے تو اس میلے میں کسی کے سنگ بھی ہو لیں گے
بادل گرجے بجلی کڑکے یا ساون بھادوں برسیں
ہم سڑکوں پہ رہنے والے چپی سادھ کے سو لیں گے
یارو تم یہ فکر نہ کرنا کس کے سر الزام لگے
ہم تو اپنے خون سے اپنے دونوں ہاتھ بھگو لیں گے
جب بھی درد سے دل تڑپے گا ٹکڑے ٹکڑے ہوگی روح
کسی اندھیرے کمرے میں ہم دل میں درد سمو لیں گے
ہم نے ساری عمر اکیلے موت کا رستہ دیکھا ہے
جب بھی آئی کسی بھی چوکھٹ پر سر رکھ کے سو لیں گے
چپکے چپکے کفن لپیٹے نکلیں گے جب ہم گھر سے
لاکھ بلاؤ گے رو رو کر ہرگز آنکھ نہ کھولیں گے