پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مشتاق صدف کی غزلیں — Mushtaq Sadaf Ghazals

مشتاق صدف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم اپنی محبت کا تماشا نہیں کرتے (غزل)

ہم اپنی محبت کا تماشا نہیں کرتے

کرتے ہیں اگر کچھ تو دکھاوا نہیں کرتے

یہ سچ ہے کہ دنیا کی روش ٹھیک نہیں ہے

کچھ ہم بھی تو دنیا کو گوارا نہیں کرتے

اک بار تو مہمان بنیں گھر پہ ہمارے

یہ ان سے گزارش ہے تقاضا نہیں کرتے

دنیا کے جھمیلے ہی کچھ ایسے ہیں کہ ان کو

ہم بھول تو جاتے ہیں بھلایا نہیں کرتے

فردا پہ ہیں نظریں تو کبھی حال پہ نظریں

ماضی کو مگر مڑ کے بھی دیکھا نہیں کرتے

جن میں کہ بزرگوں کی کوئی قدر نہیں ہو

ہم ایسے گھروں میں کبھی رشتہ نہیں کرتے

بارش ہو کہ طوفان ہو یا آگ کا جنگل

ہم گھر سے نکل جائیں تو سوچا نہیں کرتے

جو خواب نظر آتا ہے سرسبز زمیں کا

اس خواب کی تعبیر بتایا نہیں کرتے

بازار میں بکتے نہیں وہ لوگ عموماً

رشتوں کا جو اپنے کبھی سودا نہیں کرتے

درد کو درد کہو درد کے قابل ہو جاؤ (غزل)

درد کو درد کہو درد کے قابل ہو جاؤ

ایسا بھی کیا ہے کہ خود دل ہی سے غافل ہو جاؤ

تم کو طوفان سے لڑنا جو نہیں ہے منظور

پھر تو بہتر ہے کہ کشتی نہیں ساحل ہو جاؤ

امتحاں عشق میں ہونا ہے تو ہوگا وہ ضرور

آگ کے کھیل میں پہلے ہی سے شامل ہو جاؤ

اس سے پہلے کہ کسی اور کا میں ہو جاؤں

میں تمہیں زہر دوں اور تم مرے قاتل ہو جاؤ

لو چراغوں کی بڑھانے سے نہیں کچھ حاصل

نور بن کے شب ظلمات پہ نازل ہو جاؤ

سیکڑوں تجربے بے کار کیا کرتے ہو

ہو مرے درد میں شامل تو مرا دل ہو جاؤ

شور برپا ہے کہ نکلے ہو تلاش غم میں

مخزن غم ہے مرا دل یہیں داخل ہو جاؤ

احمقوں سے جو کبھی واسطہ پڑ جائے صدفؔ

بات کرنے سے کہیں اچھا ہے جاہل ہو جاؤ

مزید غزلیں از مشتاق صدف ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں