پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mushtaq Naqvi کی غزلیں — Mushtaq Naqvi Ghazals

Mushtaq Naqvi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لمبی تھی عمر محبت کی برباد ہوئے ہوتے ہوتے (غزل)

لمبی تھی عمر محبت کی برباد ہوئے ہوتے ہوتے

کچھ رات کٹی پیتے پیتے کچھ رات کٹی روتے روتے

ان پیاس بھری آنکھوں کے سوا اس جگ میں اپنا تھا ہی کیا

سب کو دیکھا چلتے چلتے سب کو کھویا کھوتے کھوتے

جب یاد کوئی آ جاتی ہے یوں دل کی کلی کھل جاتی ہے

جیسے خوابوں کی دنیا میں بچہ ہنس دے سوتے سوتے

کیا جانئے دل پہ کیا بیتی کیا جانئے آنکھ نے کیا دیکھا

کیوں چونک کے اٹھ اٹھ پڑتے ہیں ہم راتوں کو سوتے سوتے

فصلیں بیتیں موسم بدلا اور وقت نے یوں کیا کچھ نہ کیا

وہ داغ نہ دل سے دور ہوا اک عمر کٹی دھوتے دھوتے

زندگی کا نشان ہیں ہم لوگ (غزل)

زندگی کا نشان ہیں ہم لوگ

اے زمین آسمان ہیں ہم لوگ

روز جیتے ہیں روز مرتے ہیں

کس قدر سخت جان ہیں ہم لوگ

زندگی مسکرا تو دے اک بار

ایک شب میہمان ہیں ہم لوگ

صورتیں دھول ہو چکی ہیں مگر

حسن کے پاسبان ہیں ہم لوگ

خود سے ملتے ہیں دشمنوں کی طرح

غیر پر مہربان ہیں ہم لوگ

اک یہی درد تو ملا ہے ہمیں

شعر و نغمہ کی جان ہیں ہم لوگ

شاخ گل میں جو ہم لچک جائیں

کھنچ گئے تو کمان ہیں ہم لوگ

ہم سے ملتا ہے منزلوں کا پتہ

اور خود بے نشان ہیں ہم لوگ

اب بھی لپٹے ہیں تیری ٹھوکر سے

زندگی تیری آن ہیں ہم لوگ

مزید غزلیں از Mushtaq Naqvi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں