مشتاق خالد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک حادثہ عجیب سا یوں رونما ہوا (غزل)
اک حادثہ عجیب سا یوں رونما ہوا
تیرا خیال ذہن میں پھر رینگنے لگا
میں گفتگو میں محو تھا وہ تلملا اٹھا
دکھتی ہوئی جو رگ تھی وہیں ہاتھ پڑ گیا
یوں تو مرے شعور نے بخشا تھا حوصلہ
احساس کمتری کا مگر روکتا رہا
آخر وہی ہوا مجھے جس بات کا تھا ڈر
جذبات میں میں بہہ گیا وہ تیرتا رہا
خالدؔ یہ مصلحت تو سمجھ میں نہ آ سکی
وہ فتح کے قریب تھا اور مات کھا گیا
قلب میں شعلے نظر میں بجلیاں رکھتا ہوں میں (غزل)
قلب میں شعلے نظر میں بجلیاں رکھتا ہوں میں
پیکر حسرت ہوں سوز بے اماں رکھتا ہوں میں
سو حجابوں میں بھی ان کو دیکھتا ہوں بے حجاب
ہم نشیں چشم بصیرت بے گماں رکھتا ہوں میں
جاگ اٹھتے ہیں مری آواز سے مردہ ضمیر
شاعر فطرت ہوں اعجاز بیاں رکھتا ہوں میں
تیرے دامن میں ہیں لاکھوں بجلیاں تو کیا ہوا
یاد رکھ اے آسماں عزم جواں رکھتا ہوں میں
خون دل خون جگر خون تمنا خون عشق
ایک افسانے کی کتنی سرخیاں رکھتا ہوں میں
میرے پائے شوق نے توڑا ہے منزل کا غرور
دل شکستہ ہوں مگر ہمت جواں رکھتا ہوں میں
میری پیشانی پہ خالدؔ نقش پائے یار ہے
کون کہتا ہے کہ داغ آستاں رکھتا ہوں میں