پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Musavvir Sabzwari کی غزلیں — Musavvir Sabzwari Ghazals

Musavvir Sabzwari کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ٹوٹتے جسم کے مہتاب بکھر جا مجھ میں (غزل)

ٹوٹتے جسم کے مہتاب بکھر جا مجھ میں

میں چڑھی رات کا دریا ہوں اتر جا مجھ میں

میں تری یاد کے ساون کو کہاں برساؤں

اب کی رت میں کوئی بادل بھی نہ گرجا مجھ میں

جاتے قدموں کی کوئی چاپ ہی شاید سن لوں

ڈوبتے لمحوں کی بارات ابھر جا مجھ میں

جانے میں کون سے پت جھڑ میں ہوا تھا برباد

گرتے پتوں کی اک آواز ہے ہر جا مجھ میں

کوئی مہکار ہے خوشبو کی نہ رنگوں کی لکیر

ایک صحرا ہوں کہیں سے بھی گزر جا مجھ میں

ختم ہونے دے مرے ساتھ ہی اپنا بھی وجود

تو بھی اک نقش خرابے کا ہے مر جا مجھ میں

کوئی ہر گام مصورؔ یہ صدا دیتا ہے

میں تری آخری منزل ہوں ٹھہر جا مجھ میں

خوش فہمیوں کے کھیل کی اب کیا سبیل ہے (غزل)

خوش فہمیوں کے کھیل کی اب کیا سبیل ہے

کاغذ کی ایک ناؤ ہے اور خشک جھیل ہے

سر پر اٹھائے دھوپ کو سورج کی طرح چل

منزل کہاں یہ سلسلۂ سنگ میل ہے

لاشوں کے ڈھیر میں ابھی زندہ تو ہوں مگر

میرے بھی سر پہ اڑتی ہوئی ایک چیل ہے

سایہ بھی بند مٹھی میں رکھتا ہے بھینچ کر

اونچا سا یہ درخت نہایت بخیل ہے

میں گھاؤ گہرے پانیوں کا ہوں نہ مجھ سے مل

تو مجھ میں ڈوب جائے گی ننھی سی جھیل ہے

دروازے کھڑکی مجھ پہ مصورؔ ہیں سب ہی بند

سرما کا ٹھٹھرا چاند ہے اور شب طویل ہے

میں ترے شہر میں پھرتا ہی رہا سرگرداں (نظم)

میں ترے شہر میں پھرتا ہی رہا سرگرداں

شاہراہوں کے ہر اک موڑ پہ حیراں حیراں

آبلہ پا جگر افگار کراں تا بہ کراں

اسی امید پہ شاید کہ کوئی پہچانے

جستجو ایک بگولے کے عناصر چھانے

شوق رسوا کی پذیرائی کے ہوں افسانے

لیکن اس شہر ستم پیشہ میں کچھ بھی نہ ہوا

مری جانب کوئی گل پوش دریچہ نہ کھلا

کسی آنچل کسی بدلی کی نہ امڈی چھایا

نہ کوئی دست صبا تھا نہ کہیں بوئے حبیب

بام در بام تھی بے مہر نگاہوں کی صلیب

ہر جھروکے میں تھی اک شام مہ و خور کی رقیب

سیل وحشت کو چھپائے میں گزرتا ہی رہا

ایک بے ربط فسانہ تھا بکھرتا ہی رہا

دشنۂ وقت رگ و پے میں اترتا ہی رہا

آخر اک کوئے ملامت میں قدم آ پہنچے

ناوک اندازوں کے انداز میں غم آ پہنچے

خیر مقدم کو سفیران ستم آ پہنچے

پھینک کر چشم فراموش کا پہلا پتھر

تو نے بس غرفۂ امید سے دیکھا چھپ کر

ایک دیوانے پہ پتھراؤ کا خونی منظر

سنگ اٹھتے ہی رہے ہاتھ لپکتے ہی رہے

آنکھ روتی ہی رہی شرم شناسائی کو

کسی لیلیٰ کی طرف سے یہ منادی نہ ہوئی

کوئی پتھر سے نہ مارے مرے سودائی کو

مزید غزلیں از Musavvir Sabzwari ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں