مصور سما کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ کوئی درد کسی کا نہ غم ستائے مجھے (غزل)
نہ کوئی درد کسی کا نہ غم ستائے مجھے
میں آدمی ہوں کوئی سوچ کر بتائے مجھے
میں شہر آتشیں میں موم بیچنے والا
خدا کرے کہ یہ ماحول راس آئے مجھے
مجھے کسی کے لئے یہ مقام دے یارب
لگوں جو سونے کبھی نیند ہی جگائے مجھے
اندھیرے دل میں امیدوں کی روشنی دوں گا
کوئی چراغ سمجھ کر اگر جلائے مجھے
سماؔ ہمارے لئے اشک کا ہی گھر کافی
وہ کاجلوں کی طرح آنکھ میں بسائے مجھے
جو بدن کو نہ دیکھ پائیں گے (غزل)
جو بدن کو نہ دیکھ پائیں گے
ہم وہ کپڑے کہیں سے لائیں گے
تم اگر رات بن کے آ جاؤ
ہم بھی تارے اتار لائیں گے
بادلوں کو پتہ بتا دینا
سائے آنگن میں تیرے آئیں گے
پاؤں جس کے ہوا نہیں کرتے
اپنا سر ہم وہیں جھکائیں گے
ہم سماؔ موسموں کے عاشق ہیں
دھوپ کو عطر سا لگائیں گے
مزید غزلیں از مصور سما ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں