Musavvir Lakhnavi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اس کے غموں سے دل کو پھر آباد کیا کریں (غزل)
اس کے غموں سے دل کو پھر آباد کیا کریں
جس کو بھلا دیا ہے اسے یاد کیا کریں
اس نے ہی ظلم ڈھائے ہیں منصف بھی ہے وہی
ہم جا کے اس کے سامنے فریاد کیا کریں
قید قفس میں ہے وہ مگر آشیاں سے دور
جب بال و پر نہیں اسے آزاد کیا کریں
تاب نظارہ ہے نہ مجال کلام ہے
پیش جمال حسن کچھ ارشاد کیا کریں
دامن جب ان کا چھوٹ گیا اپنے ہاتھ سے
باقی جو اشک ہیں انہیں برباد کیا کریں
ملتی تھی جس سے داد ستم جب وہی نہیں
دل بجھ گیا ہے اب ستم ایجاد کیا کریں
جب دور تھے تو یاد بھی آتے تھے بار بار
اب اپنے سامنے ہو تمہیں یاد کیا کریں
ہم کو ستا کے خوش وہ اگر ہے تو خوش رہے
اس کو ستا کے ہم اسے ناشاد کیا کریں
گلشن میں آنے دے نہ گرفتار ہی کرے
تو ہی بتا ہم ایسے میں صیاد کیا کریں
دنیا سے ہٹ گیا ہے مصورؔ ہمارا دل
بربادیاں جو دیکھی ہیں ارشاد کیا کریں
آتش عشق میں جلتا ہے تو جل جانے دے (غزل)
آتش عشق میں جلتا ہے تو جل جانے دے
دل بے تاب کے ارماں تو نکل جانے دے
نہیں مرضی نہ عطا کر مرے دل کو تسکیں
شدت غم میں کچھ آنسو تو نکل جانے دے
ان کا ہو جاؤں گا میں وہ مرے ہو جائیں گے
لمحۂ گردش ایام تو ٹل جانے دے
تیری محفل میں جہاں شمعیں ہیں اور جلوے بھی
اک چراغ نگہ شوق بھی جل جانے دے
تیری محفل میں بھی آئے گا مصورؔ اک دن
دشت وحشت میں ذرا دل تو بہل جانے دے