پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مصور کارنجوی کی غزلیں — Musavvir Karanjavi Ghazals

مصور کارنجوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نظریں بھی ان سے ملتی ہیں آپس میں اشارے ہوتے ہیں (غزل)

نظریں بھی ان سے ملتی ہیں آپس میں اشارے ہوتے ہیں

کل تک جو کسی کے ہو نا سکے وہ آج ہمارے ہوتے ہیں

اللہ رے فریب ذوق نظر ایسے بھی نظارے ہوتے ہیں

جھڑتے ہیں شراروں سے گل بھی گل میں بھی شرارے ہوتے ہیں

ان ہلکی ہلکی موجوں میں ڈوبا ہے سفینہ کیا کہئے

تقدیر کی باتیں ہیں ورنہ تنکے بھی سہارے ہوتے ہیں

امید سہارے کی ان سے اے ڈوبنے والے توبہ کر

یہ صرف تماشائی سارے دریا کے کنارے ہوتے ہیں

بیمار شب فرقت کی ہنسی آخر یہ اڑائیں گے کب تک

ہونے دے تبسم ریز اگر یہ چاند ستارے ہوتے ہیں

یہ لالہ و گل یہ شمس و قمر یہ نقش مصورؔ یہ منظر

اک شعلۂ طور سینا کے یہ سارے شرارے ہوتے ہیں

گوشہ‌ نشین لا مکاں وہم و خیال میں بھی آ (غزل)

گوشہ‌ نشین لا مکاں وہم و خیال میں بھی آ

عالم ممکنات بن امر محال میں بھی آ

جلوۂ زلف و رخ لیے چشم خیال میں بھی آ

شام فراق میں بھی رہ صبح وصال میں بھی آ

ماہ و شفق کی شکل میں شان جمال بھی دکھا

صورت برق مضطرب شان جلال میں بھی آ

سفت ابر چرخ سے فرش پہ ہو گہر فشاں

بام عروج سے کبھی دور زوال میں بھی آ

حسن مجاز کی طرح آ کے مرے خیال میں

ہستیٔ بے مثال تو رنگ مثال میں بھی آ

عالم کیف و رنگ سے توڑ نہ ربط باہمی

رنگ نشاط میں بھی رہ کیف ملال میں بھی آ

جیسے مصورؔ آپ ہیں نقش تصور حسیں

اے میرے حرف دل نشیں صورت حال میں بھی آ

مزید غزلیں از مصور کارنجوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں