پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مسرت ہاشمی کی غزلیں — Musarrat Hashmi Ghazals

مسرت ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

صبا کا راز بھی پھولوں کے درمیان کھلا (غزل)

صبا کا راز بھی پھولوں کے درمیان کھلا

اس ایک در کے توسط سے گلستان کھلا

قفس میں قید پرندوں کے پر نہیں کھلتے

نظر کے سامنے لیکن ہے آسمان کھلا

ابھی تو لفظ بھی آواز کے بھنور میں ہیں

ابھی سے کیسے معانی کا بادبان کھلا

فلک پہ گھور گھٹائیں سراب ہونے لگیں

سروں پہ دھوپ کا جس وقت سائبان کھلا

تمام شہر کی تنہائیاں مکمل ہیں

کوئی بھی ہاشمیؔ لگتا نہیں مکان کھلا

جب آسماں نے ننھے پرندوں کو پر دیے (غزل)

جب آسماں نے ننھے پرندوں کو پر دیے

ظالم ہوا نے تیر بھی ہمراہ کر دیے

اس گلستاں سے فاختہ پرواز کر گئی

موسم نے شاخسار بھی کانٹوں سے بھر دیے

ہر شخص عہد جبر میں حرف دعا ہوا

ہونٹوں کو حادثات نے کیا کیا ہنر دیے

اپنی نگہ کے آئینے سورج کو سونپ کر

ہم نے بھی کائنات کو آئینہ گر دیے

پھر آسماں کے اوج سے شبنم عطا ہوئی

پھر میری پستیوں نے مجھے بحر و بر دیے

مزید غزلیں از مسرت ہاشمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں