پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Musarrat Jabeen Zeba کی غزلیں — Musarrat Jabeen Zeba Ghazals

Musarrat Jabeen Zeba کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

زخم بھر جائیں گے لیکن اک نشاں رہ جائے گا (غزل)

زخم بھر جائیں گے لیکن اک نشاں رہ جائے گا

کچھ بھی ہو پہلے کی طرح دل کہاں رہ جائے گا

تم چلے جاؤ گے لیکن میرے سینے میں سدا

راکھ میں لپٹا ہوا آتش فشاں رہ جائے گا

آنکھ سے میگھا برس کر آپ ہی تھم جائے گی

گھٹ کے سینے میں کچھ آہوں کا دھواں رہ جائے گا

کھینچ کر روح وقت رخصت ساتھ تم لے جاؤ گے

قید میں سانسوں کی قلب ناتواں رہ جائے گا

آبلہ پائی کا حاصل نا مرادی گر رہا

آرزوؤں کا بھٹک کر کارواں رہ جائے گا

قبر پر شمع جلا کر تو مری رخصت ہوا

حشر تک رونے کو مجھ پہ آسماں رہ جائے گا

بجلیوں کی نذر ہو جائے گا دل کا آشیاں

سوچتا ہوں کیا وہ پھر بے خانماں رہ جائے گا

لوٹ کر گل کا تبسم گر ہوئی رخصت خزاں

زیباؔ عبرت کے لئے پھر گلستاں رہ جائے گا

دوستوں کی بے نیازی کو ادا کا نام دو (غزل)

دوستوں کی بے نیازی کو ادا کا نام دو

بے رخی حد سے جو بڑھ جائے انا کا نام دو

دل کے گل داں میں سجاؤ تازہ زخموں کے گلاب

اور پھر سینے کو اک باغ وفا کا نام دو

اشک شوئی میں ہتھیلی پہ جو لگ جائے لہو

اس کو از راہ ادب رنگ حنا کا نام دو

دل کے داغوں کا چمن ہر دم مہکنا چاہئے

اپنی آہوں کے دھوئیں کو تم صبا کا نام دو

اٹھ نہ جائے بزم سے پھر اعتبار دوستاں

ان کی جانب سے جفا کو بھی عطا کا نام دو

ظرف کا معیار اپنے تم کبھی گرنے نہ دو

بے وفائی بھی کرے گر وہ وفا کا نام دو

مصلحت حالات کی مجبور گر زیباؔ کرے

جو ڈبو دے ناؤ اس کو ناخدا کا نام دو

مزید غزلیں از Musarrat Jabeen Zeba ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں