Musarrat Anjum کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں چاہتی ہوں اب کے پریشان وہ بھی ہو (غزل)
میں چاہتی ہوں اب کے پریشان وہ بھی ہو
دل کے معاملات میں حیران وہ بھی ہو
میں تو تمام عمر ہی تنہا رہی مگر
کچھ روز محفلوں میں تو ویران وہ بھی ہو
کیوں میں بھی خواب عشق کی قیدی رہوں سدا
اک بار بزم عشق کا مہمان وہ بھی ہو
اس کے بغیر کیسے کٹی زندگی مری
یہ سوچ کر کبھی تو پشیمان وہ بھی ہو
انجمؔ یہ دل کے راز کہاں کھلنے پائے ہیں
شاید کہ اپنے آپ سے انجان وہ بھی ہو
جتنے دھاگے یادوں کے تھے بڑھتے بڑھتے جال ہوئے (غزل)
جتنے دھاگے یادوں کے تھے بڑھتے بڑھتے جال ہوئے
آج کا دن پھر لوٹ آیا ہے ہم پھر سے بے حال ہوئے
کتنی بہاریں گزریں جانے کتنی خزائیں بیت گئیں
کون گنے اب موسم اتنے اس سے بچھڑے سال ہوئے
ایک یہی تھی دولت اپنی وہ بھی کس نے چھینی ہے
کیا بتلائیں اس کو کھو کر ہم کیسے کنگال ہوئے
جانے کس نے بویا تھا یہ غم کا بیج عداوت میں
سارے پودے سوکھے لیکن اس پہ پھل ہر سال ہوئے
صبح اگی خاموشی سے اور دن بھی گیا ہے فرصت سے
جاتی شام کے لمحے لیکن اب جی کا جنجال ہوئے