منشی بنواری لال شعلہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا لیے جاتے ہو چپکے سے چھپا کر ہاتھ میں (غزل)
کیا لیے جاتے ہو چپکے سے چھپا کر ہاتھ میں
دل نہیں ہے گر تو کیا ہے بندہ پرور ہاتھ میں
تل ہتھیلی کا ہے دانہ اور لکیریں دام ہیں
طائر رنگ حنا آتا ہے اڑ کر ہاتھ میں
جذبۂ دل نے جو گھبرایا پہن کر چل دئے
ہاتھ کا پاؤں میں اور پاؤں کا زیور ہاتھ میں
لے اڑا کیا اضطراب جستجوئے نامہ بر
میں جو اچھلا آ گئے جبریل کے پر ہاتھ میں
ہوں وہ دیوانہ ترا صحرا میں جس کی دھوم تھی
دیکھ کر مجنوں اٹھا لیتا تھا پتھر ہاتھ میں
کل کسی کا خون ہوگا شہر میں مشہور ہے
شعلہؔ مہندی لگ رہی ہے آج گھر گھر ہاتھ میں
دیر و حرم میں جلوۂ جانانہ ایک ہے (غزل)
دیر و حرم میں جلوۂ جانانہ ایک ہے
پردہ اٹھے تو کعبہ و بت خانہ ایک ہے
گھر ہو کہ طور جلوۂ جانانہ ایک ہے
کہنے کی بات سو ہیں پر افسانہ ایک ہے
ارمان دل میں خاک اڑاتے ہیں سیکڑوں
مجنوں ہزار پھرتے ہیں ویرانہ ایک ہے
میں آپ پر فدا ہوں فدا آپ غیر پر
میرا اور آپ کا تو کچھ افسانہ ایک ہے
کس ناز سے وہ کہتے ہیں وحشت کے ذکر پر
شعلہؔ بھی اپنے ڈھنگ کا دیوانہ ایک ہے