پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

منشی بہاری لال مشتاق دہلوی کی غزلیں — Munshi Bihari Lal Mushtaq Dehlwi Ghazals

منشی بہاری لال مشتاق دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

روٹھو گے بے سبب تو منایا نہ جائے گا (غزل)

روٹھو گے بے سبب تو منایا نہ جائے گا

بے جا تمہارا ناز اٹھایا نہ جائے گا

وہ ساتھ لائیں غیر کو گر بزم میں تو کیا

آنکھوں پہ منتوں سے بٹھایا نہ جائے گا

یوں میرے ساتھ بزم میں غیروں کا بیٹھنا

وہ اعتراض ہے کہ اٹھایا نہ جائے گا

ہوگا اثر جو دل میں تو خود جان لیں گے وہ

مشتاقؔ ہم سے عشق جتایا نہ جائے گا

تم کو اگر ہماری محبت نہیں رہی (غزل)

تم کو اگر ہماری محبت نہیں رہی

ہم کو بھی اب عدو سے عداوت نہیں رہی

ہر اک ادا پہ مرنے کی عادت نہیں رہی

وہ دل نہیں رہا وہ طبیعت نہیں رہی

مضمون مدعا ابھی دل میں ہی تھا مرے

کہتے ہیں اب تو تاب سماعت نہیں رہی

واں ہے وہی وفور عتاب و جفا و قہر

یاں ناز بھی اٹھانے کی طاقت نہیں رہی

بے شک نقاب رخ سے اٹھایا کسی نے آج

ظلمت کدہ میں میرے جو ظلمت نہیں رہی

مشتاقؔ تیرے عشق کی ہے دھوم آج کل

اب قیس و کوہ کن کی وہ شہرت نہیں رہی