پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد شفیع سیتاپوری کی غزلیں — Mohammad Shafi Sitapuri Ghazals

محمد شفیع سیتاپوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گل بدن گل پیرہن روح چمن تم ہی تو ہو (غزل)

گل بدن گل پیرہن روح چمن تم ہی تو ہو

جان من غنچہ دہن شیریں سخن تم ہی تو ہو

گلشن ہستی کی رعنائی تمہارے دم سے ہے

نرگس و نسریں گلاب و یاسمن تم ہی تو ہو

میری عزت میری ذلت سب تمہارے ہاتھ ہے

میں برہنہ جسم میرا پیرہن تم ہی تو ہو

جس کو پانے کے لئے اہل خرد ترسا کئے

میرا وہ سرمایہ وہ دیوانہ پن تم ہی تو ہو

کوئی سمجھے یا نہ سمجھے میں سمجھتا ہوں ضرور

زندگی تم ہی تو ہو دار و رسن تم ہی تو ہو

ساری دنیا کی بہاریں جس کے چہرے پر نثار

جس پہ قرباں دو جہاں کا بانکپن تم ہی تو ہو

میں تمہارے عشق میں کافر سے مومن بن گیا

میری نظروں میں ہدایت کی کرن تم ہی تو ہو

کر دیا جس نے مجھے عہد وفا سے آشنا

جس نے بخشی پیار کی میٹھی چبھن تم ہی تو ہو

رات کی تاریکیوں کو جس نے بخشی روشنی

چاند تاروں کی وہ دل کش انجمن تم ہی تو ہو

بھول جاتا ہوں میں جس کو دیکھ کر ہر غم شفیعؔ

میرے ارمانوں کا وہ زریں گگن تم ہی تو ہو

ترک وفا کا شکوہ مت کر الفت کا اقرار نہ مانگ (غزل)

ترک وفا کا شکوہ مت کر الفت کا اقرار نہ مانگ

غیر تو آخر غیر ہے اس سے اپنوں جیسا پیار نہ مانگ

باطل کے پروانوں سے حق گوئی کی امید نہ کر

پتھر دل رکھنے والوں سے ہمدردی کے ہار نہ مانگ

ماں کے دودھ کا قرض چکانا ہے تو پڑھنے جا اسکول

ننھے ننھے ان ہاتھوں میں تھام قلم تلوار نہ مانگ

پیار کے سچے پھولوں کو مہکانے کی تدبیریں کر

جن میں نفرت کے پھل آتے ہوں ایسے اشجار نہ مانگ

چھوٹی چھوٹی باتوں پر یوں برہم ہونا ٹھیک نہیں

مجھ سے اپنے پیار کا تحفہ واپس میرے یار نہ مانگ

میں تیرا چھوٹا بھائی ہوں چاہے یہ تسلیم نہ کر

لیکن اس گھر کے آنگن میں نفرت کی دیوار نہ مانگ

اپنی محرومی کے احساسات رلا بھی سکتے ہیں

اس کے دامن میں کانٹے ہی کانٹے ہیں گلزار نہ مانگ

میں بھی اپنی لخت جگر کے سارے قرض ادا کر دوں

تو بھی اپنے بیٹے کی شادی میں موٹر کار نہ مانگ

خوابوں کی دنیا میں پل دو پل رہنا ہی اچھا ہے

ساری عمر بسر کرنے کو سپنوں کا سنسار نہ مانگ

پاکیزہ فکروں کے زیور جن کے تن کی زینت ہیں

فن کی ان دوشیزاؤں سے عریانی زنہار نہ مانگ

دنیا بھر کی جھوٹی خبریں دن بھر تو پڑھ سکتا ہے

شام سویرے قرآں پڑھ لے انگریزی اخبار نہ مانگ

جس سے تیرا نام ہو روشن خود کر ایسے کام شفیعؔ

جھوٹی شہرت کی خاطر کم ظرفوں سے دستار نہ مانگ

مزید غزلیں از محمد شفیع سیتاپوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں