پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد سالم کی غزلیں — Mohammad Salim Ghazals

محمد سالم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ کیسی ہوا ہے یہ کیسی فضا ہے (غزل)

یہ کیسی ہوا ہے یہ کیسی فضا ہے

زمانے کا کیوں رنگ اڑتا ہوا ہے

زباں پر ہے پہرا دلوں پر بھی پہرا

یہاں اب تو جینا ہی بھاری سزا ہے

ہے وا چشم تر انتظار سحر میں

کہ سورج خوشی کا ابھی تک چھپا ہے

جو آنسو بھی ٹپکا ہو پچھلے پہر میں

اس آنسو کا ہر قطرہ دل کی دوا ہے

جو عصیاں کے دریا میں ڈوبا ہوا ہو

وہ طاعت کے ساحل پہ آئے دعا ہے

یادوں کی قندیل جلانا اچھا لگتا ہے (غزل)

یادوں کی قندیل جلانا اچھا لگتا ہے

درد کی لو کو اور بڑھانا اچھا لگتا ہے

تازہ ہوا تھی مہکی فضا تھی کیا تھے اچھے دن

پل پل اب تو پچھلا زمانہ اچھا لگتا ہے

تجھ سے بچھڑ کر پیارے وطن تیری ہی چاہت میں

غم سے لپٹ کر آنسو بہانا اچھا لگتا ہے

مایوسی کی راہ میں جب تک خواب سنہرا ہو

شوق سفر میں خواب سجانا اچھا لگتا ہے

یوں ہی خفا ہو جانا اس کی عادت ہے سالمؔ

پیار سے لیکن اس کو منانا اچھا لگتا ہے

ہواؤں کی زد پر (نظم)

ہواؤں کی زد پر

اگرچہ ہمارا

سفر درد کا ہے

رکے گا نہ لیکن

ہمارا سفر یہ

ہزاروں مصائب بھی آئیں تو آئیں

نہ چھوڑیں گے ہم دامن صبر لیکن

ہمارا سفر پھر بھی جاری رہے گا

یہ منزل کی جانب

ہواؤں سے کہہ دو

مقاصد ہیں عالی

عزائم بھی اعلیٰ

ہمارے دلوں میں

ہے اخلاص نیت بھی

جیسے فروزاں

نہیں بجھنے دیں گے

کبھی راستے میں

چراغ تمنا

مزید غزلیں از محمد سالم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں