پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد سلیم طاہر کی غزلیں — Mohammad Saleem Tahir Ghazals

محمد سلیم طاہر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جھٹک کے چل نہیں سکتا ہوں تیرے دھیان کو میں (غزل)

جھٹک کے چل نہیں سکتا ہوں تیرے دھیان کو میں

اٹھائے پھرتا ہوں سر پر اک آسمان کو میں

میں تجھ سے اپنا تعلق چھپا نہیں سکتا

جبیں سے کیسے مٹا دوں ترے نشان کو میں

یہ لوگ مجھ سے اداسی کی وجہ پوچھتے ہیں

بتا چکا ہوں ترا نام اک جہان کو میں

جو عہد کر کے ہر اک عہد توڑ ڈالتا ہے

زبان دوں گا بھلا ایسے بے زبان کو میں

میں فتح کر کے کوئی قلعہ کیا کروں گا سلیمؔ

لو آج توڑتا ہوں تیر کو کمان کو میں

تمہیں پہ آسرا رکھا ہوا ہے (غزل)

تمہیں پہ آسرا رکھا ہوا ہے

ہواؤں میں دیا رکھا ہوا ہے

جہاں پر دل تھا پہلے اب وہاں پر

عجب اک بوجھ سا رکھا ہوا ہے

ہمارے گھر میں دیواریں کھڑی ہیں

مگر اک راستہ رکھا ہوا ہے

تعلق جڑ پکڑتا جا رہا ہے

بظاہر فاصلہ رکھا ہوا ہے

کناروں پر کھڑے ہم سوچتے ہیں

ہمیں کس نے جدا رکھا ہوا ہے

ابھی تک اپنے قدموں پر کھڑا ہوں

ابھی تک حوصلہ رکھا ہوا ہے

ہماری جیب میں کچھ بھی نہیں ہے

فقط نام خدا رکھا ہوا ہے

مزید غزلیں از محمد سلیم طاہر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں