Mohammad Saif Babar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم سے نہ کوئی شکوہ شکایت نہ گلہ ہے (غزل)
تم سے نہ کوئی شکوہ شکایت نہ گلہ ہے
جو درد تھا قسمت میں وہی درد ملا ہے
ہر کوئی سمجھتا ہے کہ ہنستا ہوں تو خوش ہوں
یہ کس کو بتائیں یہ ہنر غم سے ملا ہے
خود اپنی تمناؤں کے پہرے میں ہے ہستی
کب چاند کسی شخص کے ہاتھوں میں کھلا ہے
اک جسم نہیں روح بھی مہکی ہے ہماری
وہ جب بھی محبت سے گلے ہم سے ملا ہے
ہوتا ہے ترے نام سے ہر روز اجالا
دنیا میں مری اب بھی ترے دم سے جلا ہے
اے سیفؔ سمجھ لے کہ اسی شہر نے اکثر
لوٹا ہے اسے جو بھی یہاں دل سے ملا ہے
سمجھ میں آتا نہیں ہے کہ گنگناؤں کیا (غزل)
سمجھ میں آتا نہیں ہے کہ گنگناؤں کیا
وہ خود غزل ہے اسے میں غزل سناؤں کیا
تو سر سے پاؤں تلک حسن کی علامت ہے
یقیں نہ ہو تو تجھے آئینہ دکھاؤں کیا
میں حال دل کا تجھے کس طرح بتاؤں اب
تو جانتا ہے مرے دل کی دل دکھاؤں کیا
وہ روٹھے اور مناؤں میں سوچتا ہوں مگر
جو روٹھتا ہی نہیں ہو اسے مناؤں کیا
بدن ہے تاج محل اور آنکھیں ساغر ہیں
میں شوق پینے کا اپنا تجھے بتاؤں کیا
وہ کہہ رہا ہے یقیں کرکے دیکھ لو لیکن
میں جانتا ہوں اسے سیفؔ آزماؤں کیا