پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mohammad Saeed Razmi کی غزلیں — Mohammad Saeed Razmi Ghazals

Mohammad Saeed Razmi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

شوق میں حال سے بے حال ہوئے جاتے ہیں (غزل)

شوق میں حال سے بے حال ہوئے جاتے ہیں

ہم تری راہ میں پامال ہوئے جاتے ہیں

کیا ستم ہے کہ ترے ہجر میں رفتہ رفتہ

اب شب و روز مہ و سال ہوئے جاتے ہیں

آپ کی یاد نے پھر آ کے مجھے چھیڑ دیا

آج پھر اشک وفا لال ہوئے جاتے ہیں

کہیے کیا ان کے مقدر کو زہے بخت رسا

تیرے قدموں میں جو پامال ہوئے جاتے ہیں

نا مرادی میں یہ اسباب فراغت رزمیؔ

زندگی کے لیے جنجال ہوئے جاتے ہیں

عکس جمال یار کی تاثیر دیکھنا (غزل)

عکس جمال یار کی تاثیر دیکھنا

دل بن گیا ہے حسن کی تصویر دیکھنا

آئی ہے پھر چمن سے ہوائے جنوں نواز

شاید ہے پھر نصیب میں زنجیر دیکھنا

پھر دل کو ہے کشاکش حسرت سے واسطہ

پھر دل ہے وقت کاوش تدبیر دیکھنا

پھر ابتلائے عشق کی جرأت ہوئی مجھے

پھر ہے فغاں کو حسرت تاثیر دیکھنا

پھر جذب آزما ہے دل بے قرار شوق

پھر ہے خروش نالۂ شب گیر دیکھنا

پھر عجز شوق نے انہیں مغرور کر دیا

پھر تمکنت ہوئی ہے عناں گیر دیکھنا

پھر کشمکش سے ضبط کی گھبرا چلا ہے دل

پھر چاہتا ہوں آہ کی تاثیر دیکھنا

پھر رو رہا ہوں عشرت ماضی کی یاد میں

پھر ہوں اسیر گردش تقدیر دیکھنا

پھر ہو رہی ہے ان سے تصور میں گفتگو

پھر ہوں میں محو لذت تقریر دیکھنا

قسمت میں میری کوئی خوشی کی گھڑی بھی ہے

اے واقفان نوحۂ تقدیر دیکھنا

رزمیؔ ہے دل میں پھر ہوس امتحان شوق

پھر چاہتا ہوں برش شمشیر دیکھنا

مزید غزلیں از Mohammad Saeed Razmi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں