پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mohammad Sadiq Jameel کی غزلیں — Mohammad Sadiq Jameel Ghazals

Mohammad Sadiq Jameel کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس قدر بڑھ گئی عدم برداشت (غزل)

اس قدر بڑھ گئی عدم برداشت

خود کو بھی اب نہیں ہیں ہم برداشت

ہم نے برداشت جیسے کی دنیا

اہل دنیا کریں گے کم برداشت

مسکرا کر ہمیں پلا تو سہی

مسکرا کر کریں گے سم برداشت

کرتے ہو اس لئے ستم شاید

ہم سے ہوگا نہیں کرم برداشت

ایک خالق کو ماننے والے

کس طرح کر گئے صنم برداشت

جن کو پتھر اٹھا نہیں پائے

کر لئے ہم نے وہ بھی غم برداشت

وہ جو خنجر قبول سینے تھے

ان سے ہوتا نہیں قلم برداشت

اپنی ہی لاش پہ ہیں اشک بہائے ہوئے لوگ (غزل)

اپنی ہی لاش پہ ہیں اشک بہائے ہوئے لوگ

ہم ہیں یک طرفہ محبت کے ستائے ہوئے لوگ

میں تھا نادان نہ بس پایا جہاں میں لیکن

کیوں پریشان ہیں یہ تیرے بسائے ہوئے لوگ

توڑ دیتی ہے ہمیں سانس کی بے ترتیبی

خواہ مخواہ ہاتھوں میں پتھر ہیں اٹھائے ہوئے لوگ

خود پہ ہنستا ہوں بہت جب میں انہیں دیکھتا ہوں

بن کے بیٹھے ہیں خدا میرے بنائے ہوئے لوگ

گر بھی جائے جو یہ دیوار تو سایہ دے گی

اس یقیں پر ہیں یہاں ڈیرا لگائے ہوئے لوگ

حسن کی حد سے کہیں آگے ہے تیرا جلوہ

تیری دہلیز پہ یوں ہی نہیں آئے ہوئے لوگ

ایسے شاگرد کہ استاد نظر آتے ہیں

اے زمانے ترے ہاتھوں کے پڑھائے ہوئے لوگ

نشۂ تاجوری میں ہیں جو مدہوش جمیلؔ

ان سے بہتر ہیں تری بزم میں آئے ہوئے لوگ

مزید غزلیں از Mohammad Sadiq Jameel ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں