پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد رفیع سودا کی غزلیں — Mohammad Rafi Sauda Ghazals

محمد رفیع سودا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب یار نے اٹھا کر زلفوں کے بال باندھے (غزل)

جب یار نے اٹھا کر زلفوں کے بال باندھے

تب میں نے اپنے دل میں لاکھوں خیال باندھے

دو دن میں ہم تو ریجھے اے وائے حال ان کا

گزرے ہیں جن کے دل کو یاں ماہ و سال باندھے

تار نگہ میں اس کے کیونکر پھنسے نہ یہ دل

آنکھوں نے جس کے لاکھوں وحشی غزال باندھے

جو کچھ ہے رنگ اس کا سو ہے نظر میں اپنی

گو جامہ زرد پہنے یا چیرہ لال باندھے

تیرے ہی سامنے کچھ بہکے ہے میرا نالہ

ورنہ نشانے ہم نے مارے ہیں بال باندھے

بوسہ کی تو ہے خواہش پر کہیے کیونکہ اس سے

جس کا مزاج لب پر حرف سوال باندھے

ماروگے کس کو جی سے کس پر کمر کسی ہے

پھرتے ہو کیوں پیارے تلوار ڈھال باندھے

دو چار شعر آگے اس کے پڑھے تو بولا

مضموں یہ تو نے اپنے کیا حسب حال باندھے

سوداؔ جو ان نے باندھا زلفوں میں دل سزا ہے

شعروں میں اس کے تو نے کیوں خط و خال باندھے

گل پھینکے ہے اوروں کی طرف بلکہ ثمر بھی (غزل)

گل پھینکے ہے اوروں کی طرف بلکہ ثمر بھی

اے خانہ بر انداز چمن کچھ تو ادھر بھی

کیا ضد ہے مرے ساتھ خدا جانے وگرنہ

کافی ہے تسلی کو مری ایک نظر بھی

اے ابر قسم ہے تجھے رونے کی ہمارے

تجھ چشم سے ٹپکا ہے کبھو لخت جگر بھی

اے نالہ صد افسوس جواں مرنے پہ تیرے

پایا نہ تنک دیکھنے تیں روئے اثر بھی

کس ہستئ موہوم پہ نازاں ہے تو اے یار

کچھ اپنے شب و روز کی ہے تج کو خبر بھی

تنہا ترے ماتم میں نہیں شام سیہ پوش

رہتا ہے سدا چاک گریبان سحر بھی

سوداؔ تری فریاد سے آنکھوں میں کٹی رات

آئی ہے سحر ہونے کو ٹک تو کہیں مر بھی

مزید غزلیں از محمد رفیع سودا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں