پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mohammad Rafi 1 کی غزلیں — Mohammad Rafi 1 Ghazals

Mohammad Rafi 1 کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یقیں کیسے کیسے گماں کیسے کیسے (غزل)

یقیں کیسے کیسے گماں کیسے کیسے

ہیں آباد مجھ میں جہاں کیسے کیسے

فلک پر ملیں کیسی کیسی زمینیں

زمین پر ہوئے آسماں کیسے کیسے

ابھر آئے دھرتی پہ کیا کیا جزیرے

سمندر ہوئے بے نشاں کیسے کیسے

زمانے نے بوئے ہیں صحرا و دریا

ترے اور مرے درمیاں کیسے کیسے

جوانی سے لبریز مفلس بدن پر

اٹھیں وقت کی انگلیاں کیسے کیسے

مرے دور کی خوش نما بستیوں میں

ملے جنگلوں کے نشاں کیسے کیسے

مری سوچ کے دل ربا ساحلوں پر

اترتے رہے کارواں کیسے کیسے

خزاؤں میں بھی لہلہاتی رہی ہیں

تری یاد کی تتلیاں کیسے کیسے

تری بات ہر دن سناتی ہیں مجھ کو

سحر کی دلآویزیاں کیسے کیسے

ترے وصل میں جو جو بولا کئے ہے

تو دھڑکا کئے ہے زباں کیسے کیسے

جوانی نے دل کیسے کیسے جگایا

بڑھاپے نے دیں لوریاں کیسے کیسے

رفیعؔ اور اقبالؔ کی سرزمیں پر

غزل خواں ہیں اہل زباں کیسے کیسے

صبح حسیں لکھوں کہ جواں شام کیا لکھوں (غزل)

صبح حسیں لکھوں کہ جواں شام کیا لکھوں

اے زندگی بتا کہ ترا نام کیا لکھوں

مدت سے سوچتا ہوں لکھوں کوئی خط تجھے

پھر یہ بھی سوچتا ہوں کہ پیغام کیا لکھوں

اس دل کی دھڑکنوں پہ ترے نام کے سوا

تو ہی بتا کہ اور کوئی نام کیا لکھوں

بے نام چاہتوں کا سفر تو نظر میں ہے

حیراں ہوں اس تلاش کا انجام کیا لکھوں

تیرے بغیر کیا ہے مری زندگی کا حال

کیسے ہیں میرے گھر کے در و بام کیا لکھوں

کچھ تو بتا رفیعؔ کہ اس زندگی کو میں

چاہت لکھوں کہ چاہت ناکام کیا لکھوں

مزید غزلیں از Mohammad Rafi 1 ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں