پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد نسیم قریشی کی غزلیں — Mohammad Nasim Qureshi Ghazals

محمد نسیم قریشی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تمہارے ساتھ کئی رابطے نظر آئے (غزل)

تمہارے ساتھ کئی رابطے نظر آئے

غموں کے دور تلک سلسلے نظر آئے

گرا تھا ذہن کے دریا میں سوچ کر کنکر

پھر اس کے بعد کئی دائرے نظر آئے

جہاں جہاں پہ توقع تھی منزلوں کی ہمیں

وہاں وہاں پہ نئے راستے نظر آئے

ہر ایک سمت مناظر تھے شہر ماضی کے

جدھر نگاہ اٹھی آئنے نظر آئے

سفر کٹھن تو نہ لگتا تھا چاہتوں کا مگر

جو چل پڑے تو کئی مرحلے نظر آئے

جہاں پہ ڈوب گیا تھا وہ شخص دریا میں

وہاں سے اٹھتے ہوئے بلبلے نظر آئے

ہم اپنی جان ہتھیلی پہ رکھ کے گھر سے نسیمؔ

نکل پڑے تو کئی معجزے نظر آئے

لیے پھرتا ہے در بدر مجھ کو (غزل)

لیے پھرتا ہے در بدر مجھ کو

کیسا درپیش ہے سفر مجھ کو

اتنی وحشت ہے میری آنکھوں میں

خود سے لگنے لگا ہے ڈر مجھ کو

کیسے کیسے گلاب سے چہرے

یاد آئے ہیں دار پر مجھ کو

وہ تلاش سحر میں نکلا ہے

ان اندھیروں میں چھوڑ کر مجھ کو

ایسے دوزخ میں جل چکا ہوں میں

اشک لگتے ہیں اب گہر مجھ کو

گھر کو دیکھا تو کتنی شدت سے

یاد آنے لگے کھنڈر مجھ کو

مزید غزلیں از محمد نسیم قریشی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں