محمد نقی رضوی عصر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
بے خودی میں جب تری محفل میں دیوانے گئے (غزل)
بے خودی میں جب تری محفل میں دیوانے گئے
اہل دل اہل ہوس کے فرق پہچانے گئے
کیسے کیسے حال میں دیکھا جناب شیخ کو
محفل رنداں میں جب بھی وعظ فرمانے گئے
میکش آوارہ اس دنیا سے کیا اٹھ کر گیا
مے گئی جام و سبو ساقی و مے خانے گئے
اے حسینان جہاں اہل ہوس سے ہشیار
ورنہ حسن و عشق سے مربوط افسانے گئے
فیصلہ کن کس قدر تھی ہائے ظالم کی ادا
دل جگر قلب و نظر کے سارے افسانے گئے
اپنے اپنے بس کی باتیں اہل محفل جان لیں
شمع محفل کے قریں پھر لیجے پروانے گئے
زندگی بھر عصرؔ گو رندوں کے ہم مشرب رہے
پھر بھی دیوانوں میں فرزانے سے گردانے گئے
نہ تیشہ ہم نے دیکھا ہے نہ جوئے شیر دیکھی ہے (غزل)
نہ تیشہ ہم نے دیکھا ہے نہ جوئے شیر دیکھی ہے
مگر ہاں کچھ تو جذب عشق میں تاثیر دیکھی ہے
ہر اک شے میں نظر آنے لگی ہے آپ کی صورت
نہ جانے کس نظر سے آپ کی تصویر دیکھی ہے
کہاں سے لائے گا وہ قیس و لیلیٰ کا بھرم اے دل
یہ مانا تو نے حسن و عشق کی تصویر دیکھی ہے
پلٹ جائے گی خود زور قیامت اپنا دکھلا کر
اگر برق تپاں نے ہمت تعمیر دیکھی ہے
ہماری خاک مرقد ہر طرف گلشن میں بکھرا دو
کہ ہم نے دل جلوں کی خاک میں اکسیر دیکھی ہے
ستم دیدہ نگاہیں کہہ رہی ہیں واہمہ ہوگا
جو میں نے اک شگفتہ خواب کی تعبیر دیکھی ہے
نہ جانے آج کل کیا ہو گیا ہے عصرؔ کو ہمدم
گزارش جو بھی ہوتی ہے بہت دلگیر دیکھی ہے