پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد نعیم جاوید نعیم کی غزلیں — Mohammad Naim Jawed Naim Ghazals

محمد نعیم جاوید نعیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جدائی کے الم سہنا مجھے اچھا نہیں لگتا (غزل)

جدائی کے الم سہنا مجھے اچھا نہیں لگتا

کسی کو الوداع کہنا مجھے اچھا نہیں لگتا

محبت کے مراحل ہوں یا میدان عداوت ہو

کبھی جذبات میں بہنا مجھے اچھا نہیں لگتا

وہ اتنا خوب صورت ہے کہ اس کے جسم پر سج کر

کوئی زیور کوئی گہنا مجھے اچھا نہیں لگتا

سنو منظور ہیں اب تو مجھے نا حق سزائیں بھی

سدا ملزم بنے رہنا مجھے اچھا نہیں لگتا

رفاقت کے معانی جس نے سمجھائے مجھے برسوں

اب اس کو بے وفا کہنا مجھے اچھا نہیں لگتا

مرا تو سلسلہ ہے خرقہ پوشوں کے قبیلے سے

مجھے مت خلعتیں پہنا مجھے اچھا نہیں لگتا

کناروں کی الگ ہی بات ہوتی ہے نعیمؔ اپنی

جزیروں پر سدا رہنا مجھے اچھا نہیں لگتا

بے خبر ہونے سے پہلے کی خبر تو دیکھتے (غزل)

بے خبر ہونے سے پہلے کی خبر تو دیکھتے

ڈوبتے سورج کی جانب اک نظر تو دیکھتے

چھیڑ کر ذکر جدائی سامنے اس کے کبھی

اس کے چہرے سے ہویدا اس کا ڈر تو دیکھتے

دیکھنے اس کو گلی کی سمت گر جانے کو تھے

اوج پر بیتابیٔ دیوار و در تو دیکھتے

جس نے ملنا ہی نہیں ہے اس کو پانے کی تلاش

بے وجہ کر کے کبھی کوئی سفر تو دیکھتے

ہاتھ سے چھو کر نہیں تو پاس ہی جا کر اسے

شہر میں اترا ہے اک رشک قمر تو دیکھتے

گرمیوں میں دشت ہجراں کا سفر رکھنا کبھی

دھوپ میں جل کر ثمر دیتے شجر تو دیکھتے

رات کی تاریکیوں میں گھر سے نکلو تو نعیمؔ

دیکھتے ہیں کس طرح سے بے بصر تو دیکھتے

مزید غزلیں از محمد نعیم جاوید نعیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں