محمد نعیم اللہ خیالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ستم کی تیغ چلی تیر بھی جفا کے چلے (غزل)
ستم کی تیغ چلی تیر بھی جفا کے چلے
جو بات حق تھی سر دار ہم سنا کے چلے
کچھ ایسی دور نہ تھیں منزلیں محبت کی
وفور شوق میں ہم فاصلے بڑھا کے چلے
جو آب و دانہ چمن سے اٹھا چمن والو
ہر ایک شاخ پہ ہم آشیاں بنا کے چلے
اٹھے تو محفل رنداں سے تشنہ کام مگر
قدم قدم پہ ہم ایک مے کدہ بنا کے چلے
سلگ سلگ کے رہے جو دیا بجھا نہ سکے
گئے تو جاتے ہوئے آگ وہ لگا کے چلے
خیالیؔ شعر ہے کیا یہ تو اہل فن جانیں
ہم اپنے دل کی بہ شکل غزل سنا کے چلے
دل کچھ سمجھ سکا نہ معمے جناب کے (غزل)
دل کچھ سمجھ سکا نہ معمے جناب کے
انداز ہی عجب ہیں سوال و جواب کے
دل لے کے میرا عشق کی سوغات بخش دی
قربان جائیے کرم بے حساب کے
کل کائنات حسن نہیں حسن کائنات
رخ اور بھی ہیں جلوۂ زیر نقاب کے
ہر خون آرزو سے نئے حوصلے ملے
ممنون ہم ہیں کوشش نا کامیاب کے
جان عزیز دے کے حیات دوام لی
زندہ ہوں کیوں نہ مارے ہوئے انقلاب کے
واعظ ترا خدائی کا دعویٰ نہیں گناہ
کرتا ہے آج فیصلے روز حساب کے
کیوں کر نہ منفرد ہوں خیالیؔ غزل کے شعر
اوراق منتشر ہیں یہ دل کی کتاب کے