محمد مزمل خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دل تو آخر دل ہے دل کو اعتبار آ ہی گیا (غزل)
دل تو آخر دل ہے دل کو اعتبار آ ہی گیا
لاکھ شکوے ہوں انہیں دیکھا تو پیار آ ہی گیا
اس نظر پر ہو مسیحا کی مسیحائی نثار
جس نظر سے بے قراری کو قرار آ ہی گیا
ان کے دم سے مے کدے کی اور رونق بڑھ گئی
وہ جو آئے جھوم کر ابر بہار آ ہی گیا
مر کے بھی سر سے نہ سودا جا سکا اس شوق کا
کوئے جاناں تک مرا اڑ کر غبار آ ہی گیا
بڑھ گئی حد سے مری بےچینؔ اب بے چینیاں
کام آخر میرا خون دل فگار آ ہی گیا
وحشت کی سیہ شب میں دلاسا ہے کہ تم ہو (غزل)
وحشت کی سیہ شب میں دلاسا ہے کہ تم ہو
تپتے ہوئے صحراؤں میں سایہ ہے کہ تم ہو
سوکھی ہوئی ساکت سی زمیں ہے کہ یہ میں ہوں
چلتا ہوا ایک ابر کا ٹکڑا ہے کہ تم ہو
طوفان میں بھٹکا ہوا ایک شخص وہ میں ہوں
کشتی کو تلاطم میں کنارہ ہے کہ تم ہو
میں ہو کے نہ ہونے کی بھی صورت میں ہوں یکساں
الہام کی صورت میں اشارہ ہے کہ تم ہو
بےچینؔ کوئی اور ہی پردے میں ہے مخفی
دنیا کو حقیقت میں یہ دھوکہ ہے کہ تم ہو