محمد ندیم صادق کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ بھی مجھ کو سوچ رہا ہے (غزل)
وہ بھی مجھ کو سوچ رہا ہے
میرا دل خوش فہم بڑا ہے
میر قنوطی شاعر تھا گر
کون رجائی ہو سکتا ہے
میرؔ و غالبؔ داغؔ و مومنؔ
اور دلی میں رکھا کیا ہے
میرؔ و ناصرؔ میرے مرشد
مجھ پر ان کا رنگ چڑھا ہے
پہلی بارش جب سے دیکھی
مجھ پر اس کا اثر ہوا ہے
کیا کیا خواب تھے دیکھے ہم نے
اپنا خواب تو خواب رہا ہے
اس کی یاد مرا دل کھائے
کیا دل کا کچھ ہو سکتا ہے
ایک وہ دن تو ساتھ تھا میرے
ایک یہ دن تو چھوڑ گیا ہے
گر ہے صادق عشق ترا تو
آنکھ سے پانی کیوں بہتا ہے
عشق برا ہو تیرا تو نے
مجھ کو تو بس مار دیا ہے
مایوسی بھی کفر ہے لیکن
غیر خدا سے آس بھی کیا ہے
تم کیوں میرے ہو نہیں جاتے
دل تم کو ہی مانگ رہا ہے
ساری غزلیں درد بھری ہیں
درد کہاں سے تو لایا ہے
نام خدا کا سو جا صادقؔ
کس نے تجھے جگا رکھا ہے
تو کیوں اس کو سوچ رہا ہے (غزل)
تو کیوں اس کو سوچ رہا ہے
وہ تو تجھ کو بھول چکا ہے
دل میں کیسا خوف بھرا ہے
پھول کھلے تو ڈر لگتا ہے
میں کہتا ہوں اسے بھلا دے
یہ کیا روگ لگا بیٹھا ہے
یادیں تو بس بوجھ ہیں دل کا
اور یادوں میں کیا رکھا ہے
کوئی جو پوچھے حال مرا تو
کہہ دیتا ہوں سب اچھا ہے
پتا پتا ڈالی ڈالی
کس کے غم میں زرد ہوا ہے
ہر سو پھیلا خوف کا عالم
خوف یہ کیسے پھیل گیا ہے
صادقؔ تیرا مسئلہ کیا ہے
تو کیوں ماضی میں رہتا ہے