محمد مستحسن جامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
روکھی سوکھی کھا سکتے تھے (غزل)
روکھی سوکھی کھا سکتے تھے
تیرا ساتھ نبھا سکتے تھے
کاٹ کے جڑ اک دوجے کی ہم
کتنے پھول اگا سکتے تھے
ہم تلوار اٹھا نہیں پائے
ہم آواز اٹھا سکتے تھے
غربت کا احسان تھا ہم پر
اک تھالی میں کھا سکتے تھے
تم تعبیر خدا سے مانگو
ہم بس خواب دکھا سکتے تھے
ہم کو رونا آ جاتا تو
ہم بھی شور مچا سکتے تھے
خوابوں نے جو آگ لگائی
اس کو اشک بجھا سکتے تھے
معلوم نہیں کون سی بستی کے مکیں تھے (غزل)
معلوم نہیں کون سی بستی کے مکیں تھے
کچھ لوگ مری سوچ سے بھی بڑھ کے حسیں تھے
اب مجھ کو وہ اک پل بھی میسر نہیں ہوتے
ارباب جو مسند پہ یہیں تخت نشیں تھے
یہ بات عجب ہے کہ ہمارا نہ ہوا تو
کیا ہم نہ ترے عہد کے تابندہ نگیں تھے
افسوس اسے پریم کا اک لفظ نہیں یاد
قصے مری چاہت کے جسے ذہن نشیں تھے
اب بھول چکے اپنے خد و خال تو کیا ہے
ہم لوگ کسی دور میں حد درجہ ذہیں تھے
پڑھتا ہوں بہت شوق سے پرکھوں کے فسانے
مفلس تھے مگر گاؤں کی عزت کے امیں تھے