Mohammad Mukhtar Ali کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دلوں سے درد دعا سے اثر نکلتا ہے (غزل)
دلوں سے درد دعا سے اثر نکلتا ہے
یہ کس بہشت کی جانب بشر نکلتا ہے
پڑا ہے شہر میں چاندی کے برتنوں کا رواج
سو اس عذاب سے اب کوزہ گر نکلتا ہے
میاں یہ چادر شہرت تم اپنے پاس رکھو
کہ اس سے پاؤں جو ڈھانپیں تو سر نکلتا ہے
خیال گردش دوراں ہو کیا اسے کہ جو شخص
گرہ میں ماں کی دعا باندھ کر نکلتا ہے
میں سنگ میل ہوں پتھر نہیں ہوں رستے کا
سو کیوں زمانہ مجھے روند کر نکلتا ہے
مرے سخن پہ تو داد سخن نہیں دیتا
تری طرف مرا قرض ہنر نکلتا ہے
سخنوران قد آور میں تیرا قد مختارؔ
عجب نہیں ہے جو بالشت بھر نکلتا ہے
لوح امکان پہ ہستی کا بھرم کھلتا ہے (غزل)
لوح امکان پہ ہستی کا بھرم کھلتا ہے
جانے کب عقدۂ موجود و عدم کھلتا ہے
رنگ و آہنگ بھی ہوتے ہیں وہاں دست دراز
اس پری زاد کا جب باب کرم کھلتا ہے
شام ہوتے ہی یہاں آمد مہتاب کے ساتھ
خانۂ دل میں تری یاد کا غم کھلتا ہے
ہم کوئی بات تیقن سے نہیں کہہ سکتے
ہم پہ اسرار زمانہ ابھی کم کھلتا ہے
یوں بکھرتے ہیں خیالوں میں ترے حسن کے رنگ
دشت پر جیسے کسی ابر کا نم کھلتا ہے
خطرۂ جاں ہے رہ عشق میں لیکن مختارؔ
راہ دشوار پہ چلنے سے قدم کھلتا ہے