پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد مرزا واصف رودولوی کی غزلیں — Mohammad Mirza Wasif Rudaulvi Ghazals

محمد مرزا واصف رودولوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پریشانی نہیں جاتی کہ حیرانی نہیں جاتی (غزل)

پریشانی نہیں جاتی کہ حیرانی نہیں جاتی

نہیں جاتی تو ہاں تحریر پیشانی نہیں جاتی

نہ ہو اخلاص جس میں نذر وہ مانی نہیں جاتی

محبت کی کبھی بے کار قربانی نہیں جاتی

مرے حصہ میں تو آئی نہیں جمعیت خاطر

تری زلفوں کی آخر کیوں پریشانی نہیں جاتی

اگر تم سامنے آؤ تو کیا برپا قیامت ہو

کہ اس پردہ پہ بھی جلوؤں کی تابانی نہیں جاتی

جنوں مشرب بیاباں میں رہیں یا باغ میں لیکن

برنگ گل کہیں بھی چاک دامانی نہیں جاتی

تمہاری بات تو ہے اور لیکن ہم غریبوں کو

جو مشکل پیش آتی ہے بہ آسانی نہیں جاتی

رہی ہیں جن سے باتیں مدتوں خلوت میں جلوت میں

اب ان سے بھی مری آواز پہچانی نہیں جاتی

مصائب کی گھٹاؤں میں نہیں بجھتے مرے تیور

سواد ظلم میں چہرہ کی تابانی نہیں جاتی

نگاہ مہر ان کی لاکھ پردہ پوش ہو واصفؔ

گنہ گار محبت کی پشیمانی نہیں جاتی

اب تو ممکن ہی نہیں راز کا پنہاں ہونا (غزل)

اب تو ممکن ہی نہیں راز کا پنہاں ہونا

ہو چکا تھا جو کچھ اے دیدۂ گریاں ہونا

دل برباد میں یاد رخ جاناں ہونا

اس کو کہتے ہیں بیاباں کا گلستاں ہونا

وہ بھلا کیا کرے جمعیت خاطر کی ہوس

ان کو مسرور کرے جس کا پریشاں ہونا

اصل تو یہ ہے کہ عشاق نے اے مالک حسن

تیری زلفوں ہی سے سیکھا ہے پریشاں ہونا

جب کہ دنیا سے کوئی چیز بھی جائے گی نہ ساتھ

واصفؔ اچھا تو ہے پھر بے سر و ساماں ہونا