محمد مظہر نیازی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ترے خیال میں کچھ ایسے گم رہا برسوں (غزل)
ترے خیال میں کچھ ایسے گم رہا برسوں
میں اپنے آپ سے بھی مل نہیں سکا برسوں
کہا تھا تم نے کہ تم لوٹ آؤ گے اک دن
سو میں جہاں تھا وہیں پر کھڑا رہا برسوں
کہیں وہ ذائقہ تحلیل ہی نہ ہو جائے
میں اس سے مل کے کسی سے نہیں ملا برسوں
تمام عمر مری یونہی رائیگاں گزری
کوئی بھی کام نہیں ٹھیک سے ہوا برسوں
کسی کے ہاتھ کی دستک کی آس میں مظہرؔ
میں اپنے گھر سے کہیں بھی نہیں گیا برسوں
جب بھی مصرع اٹھانا پڑتا ہے (غزل)
جب بھی مصرع اٹھانا پڑتا ہے
خوں نہیں دل بہانا پڑتا ہے
میرے آنے کی شرط مت رکھنا
قبر سے اٹھ کے آنا پڑتا ہے
آنکھ کھلتے ہی ہم فقیروں کو
اک نیا دن بنانا پڑتا ہے
جو کرشمے کی شرط رکھتا ہے
اس کو کر کے دکھانا پڑتا ہے
ایک دن میں تو گھر نہیں بنتا
کتنا عرصہ کمانا پڑتا ہے
ایک کشتی اگر ضرورت ہو
خود کو دریا بنانا پڑتا ہے
دوسرے کی تلاش میں مظہرؔ
پہلا منظر بھلانا پڑتا ہے