محمد خالد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہے سفر میں کاروان بحر و بر کس کے لیے (غزل)
ہے سفر میں کاروان بحر و بر کس کے لیے
ہو رہا ہے اہتمام خشک و تر کس کے لیے
کس کی خاطر ذائقوں کی سختیوں میں ہیں ثمر
اور جھک جاتی ہے شاخ بارور کس کے لیے
کس کی خاطر ہیں بدلتے موسموں کی بارشیں
دل غمیں کس کے لیے ہے چشم تر کس کے لیے
رت جگوں میں گونجنے والی صدائیں کس کی ہیں
ہے ہنر کس کے لیے عرض ہنر کس کے لیے
کس نے زخم نارسی سے بھر دیے ہیں راستے
چارہ سازی کس لیے ہے چارہ گر کس کے لیے
لا مکاں میں کون رہتا ہے مکاں میں کیا نہیں
دشت ہیں کس کے لیے دیوار و در کس کے لیے
کس نے رکھی ہیں ہر اک منظر میں رنگیں ساعتیں
خلق فرمائے گئے ہیں بے بصر کس کے لیے
کون سنتا ہے ہواؤں کی عجب سرگوشیاں
اور جاتی ہیں ہوائیں در بدر کس کے لیے
عشق میں اب کے ہمیں جاں سے گزرنا بھی تو ہے (غزل)
عشق میں اب کے ہمیں جاں سے گزرنا بھی تو ہے
کام ہونے کا نہیں کام یہ کرنا بھی تو ہے
اور پھر سامنے ہے خاک نشینوں کا جہاں
یہ قدم ہم نے کسی خاک پہ دھرنا بھی تو ہے
اور اک کام نکل آتا ہے ہر کام کے بیچ
ہمیں جینا ہی نہیں ہے ہمیں مرنا بھی تو ہے
شہر میں اور بھی ہوگا کوئی خوش خو تجھ سا
آخر کار تیرے زخموں نے بھرنا بھی تو ہے
ہم سے بے مایہ ہی تقدیر ہیں اس عالم کی
خاک نے چہرۂ دوراں پہ بکھرنا بھی تو ہے
نہیں ایسا بھی جری کوئی مگر اس دل نے
کسی اندیشۂ بے نام سے ڈرنا بھی تو ہے
جب یہ طے ہے کہ نہیں لوٹ کے آنا ہم کو
ڈوبنا ہے تو کہیں پار اترنا بھی تو ہے