پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد اسماعیل شاداں کی غزلیں — Mohammad Ismail Shadan 2 Ghazals

محمد اسماعیل شاداں کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہے جس کے دل میں خدا کی دہشت (غزل)

ہے جس کے دل میں خدا کی دہشت

اسے کہاں ہے قضا کی دہشت

مرے چراغوں میں حوصلہ ہے

ڈرائے گی کیا ہوا کی دہشت

وہ ضابطہ کوئی ضابطہ ہے

چھپی ہو جس میں انا کی دہشت

ہم حق کو اپنے ضرور لیں گے

نہیں ہے تیری سزا کی دہشت

قدم قدم تم سنبھل کے چلنا

ہے اس نگر میں بلا کی دہشت

عذاب جیسا ہے زرد موسم

گلوں میں پھر ہے فنا کی دہشت

چھپائے پھرتے ہیں منہ اندھیرے

ہے ان میں کتنی ضیا کی دہشت

خموش اب بھی ہیں میرے دشمن

ہے ان پہ طاری صدا کی دہشت

یزیدیوں کے دلوں میں شاداںؔ

ہے آج بھی کربلا کی دہشت

وہ اک شجر جسے اجداد نے لگایا تھا (غزل)

وہ اک شجر جسے اجداد نے لگایا تھا

اسی کو کاٹ دیا جس کا سر پہ سایہ تھا

وہ بات بات میں پھر آج مجھ سے روٹھ گیا

بڑے ہی پیار سے جس کو منا کے لایا تھا

وہ ہم نوا تھا ہمارا وہ کوئی غیر نہ تھا

جو گھر میں آگ ہمارے لگانے آیا تھا

وہی تو آج ہمارے پڑا ہوا ہے گلے

بڑے خلوص سے جس کو گلے لگایا تھا

ہمارے شعر کو اکثر وہ پڑھتا رہتا ہے

جو بے خودی میں کبھی ہم نے گنگنایا تھا

ہمیں وہ یاد ہے اب تک سبق محبت کا

کہ حرف حرف جسے آپ نے پڑھایا تھا

اگر قصور نہیں تھا کوئی ہواؤں کا

تو پھر چراغ کو کس نے مرے بجھایا تھا

وہ آج ہاتھ سے میرے نکل گیا شاداںؔ

کہ جس کو میں نے مشقت کے بعد پایا تھا

مزید غزلیں از محمد اسماعیل شاداں ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں