پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد اسمعیل فہمی کی غزلیں — Mohammad Ismail Fahmi Ghazals

محمد اسمعیل فہمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نفس نفس پر اٹھا کے ہمدم غم محبت کے داغ ہم نے (غزل)

نفس نفس پر اٹھا کے ہمدم غم محبت کے داغ ہم نے

وفا کے تاریک راستوں کو دئے ہیں روشن چراغ ہم نے

وہ مسکراتے ہوئے جو آئے دکھائے فرقت کے داغ ہم نے

تبسم برق آشنا سے جلائے دل کے چراغ ہم نے

پیا جو پیر مغاں کے ہاتھوں مئے صفا کا ایاغ ہم نے

تو اپنے دامان تر میں پائے جبین زاہد کے داغ ہم نے

نگاہ فیض آشنا سے ہم نے صباحتوں کو ضمیر بخشا

بہار گل کی نزاکتوں کو عطا کئے ہیں دماغ ہم نے

کلی کلی دل گرفتۂ غم گلوں کے عارض پہ اشک شبنم

عجیب عبرت فزا تھا عالم کبھی جو کی سیر باغ ہم نے

ہزار بلبل سنائے نغمے فریب عشرت نہ کھائیں گے ہم

بہت سے دیکھے ہیں اے تمنا امید کے سبز باغ ہم نے

ستم کی تاریک وادیوں کو ضیائے امن و سلامتی دی

جو خون انساں سے جل رہے تھے بجھا دئے وہ چراغ ہم نے

بجھے ہوئے دل کی حسرتوں نے کبھی نہ فہمیؔ فروغ پایا

مزار حسرت پہ روز رکھے یہ ٹمٹماتے چراغ ہم نے

مزید غزلیں از محمد اسمعیل فہمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں