Mohammad Ishtiyaaq Aalam کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دلوں کے درمیاں بے بات فتنہ ڈال دیتے ہیں (غزل)
دلوں کے درمیاں بے بات فتنہ ڈال دیتے ہیں
یہ کیسے لوگ ہیں اپنوں میں جھگڑا ڈال دیتے ہیں
تمہیں کچھ بھوک کا احساس انساں کی نہیں لیکن
پرندوں کے لئے ہم چھت پہ دانہ ڈال دیتے ہیں
میں اس دھرتی کا واسی ہوں جہاں چیلے قلم کر کے
گرو کے چرنوں میں اپنا انگوٹھا ڈال دیتے ہیں
یقیناً لطف ہے کوئی تو ساون کے مہینے میں
خبر ساون کی سن کر لوگ جھولا ڈال دیتے ہیں
چٹانیں کاٹ کر وہ راستہ کیسے بنائیں گے
جو تھک کر راہ میں ہاتھوں سے تیشہ ڈال دیتے ہیں
کسی کی بد نظر کے وہ اثر میں آ نہیں سکتے
جو اپنے گھر کے دروازے پہ پردہ ڈال دیتے ہیں
انہیں عالمؔ کسی صورت میں منزل مل نہیں سکتی
فقط دو گام چل کر ہی جو ڈیرا ڈال دیتے ہیں
منزل سے پہلے ہی چلنا چھوڑ دیا (غزل)
منزل سے پہلے ہی چلنا چھوڑ دیا
مجھ کو اس نے راہ میں تنہا چھوڑ دیا
پھینک دی اس نے ہاتھ سے جب تلوار تو پھر
میں نے بھی دشمن کو زندہ چھوڑ دیا
مرجھائے مرجھائے سے ہیں شاخوں پر
پھولوں نے کیوں جانے کھلنا چھوڑ دیا
دور ترقی تیرے صدقے چھوٹوں نے
اپنے بڑوں کی عزت کرنا چھوڑ دیا
اس دیپک کو کون بجھانے والا ہے
جس دیپک کو میں نے جلتا چھوڑ دیا
تب سے ہی تو سوکھ گیا ہے وہ دریا
جب سے تم نے اس میں نہانا چھوڑ دیا
گردش ہی تو ساتھ ہمارے رہتی تھی
گردش نے بھی ساتھ ہمارا چھوڑ دیا
اک معمولی پنہارن کی چاہت میں
شہزادے نے شہر بخارا چھوڑ دیا
عالمؔ جب سے اس نے نظریں پھیری ہیں
آنکھوں نے بھی خواب سجانا چھوڑ دیا