محمد عیسیٰ تنہا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہم سے کرتے ہو بیاں غیروں کی یاری آن کر (غزل)
ہم سے کرتے ہو بیاں غیروں کی یاری آن کر
رہ گئی ہے آپ کی یہ دوست داری آن کر
ہم کو آنے سے تمہاری بزم کے کیا تھا حصول
دیکھ لیتے تھے مگر صورت تمہاری آن کر
روٹھنے پر میرے کیا لازم تھا ہو جانا خفا
بلکہ کرنی تھی تمہیں خاطر ہماری آن کر
طعن بد خواہاں سے تو اک دم نہ پاوے گا قرار
کی جو تیرے در پہ ہم نے بے قراری آن کر
تھا اگرچہ غش میں مجنوں لیکن آنکھیں کھل گئیں
سر پہ اس کے جس گھڑی لیلیٰ پکاری آن کر
جس جگر کشتہ کا تیرے لاشہ تھا خوں میں پڑا
خوب سا رویا وہاں ابر بہاری آن کر
میں بھی کیا برگشتہ طالع ہوں کہ تنہاؔ رات کو
پھر گئی در تک مرے اس کی سواری آن کر
مزید غزلیں از محمد عیسیٰ تنہا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں