پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mohammad Iqbal Ahmad کی غزلیں — Mohammad Iqbal Ahmad Ghazals

Mohammad Iqbal Ahmad کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قلم کی نوک سے ایسا حصار کر لیں گے (غزل)

قلم کی نوک سے ایسا حصار کر لیں گے

ہم اپنے آپ کو بھی شہریار کر لیں گے

نیا ہے جوش ابھی اور نئے ارادے ہیں

ہم اپنے مسئلوں کو استوار کر لیں گے

اگر ہے جرم محبت زمانے والوں سے

خطائیں ایسی پھر ہم بار بار کر لیں گے

بس ایک بار ملاقات کا تو کر وعدہ

تمام عمر ترا انتظار کر لیں گے

کبھی جو ہاتھ میں تصویر تیری آئے گی

تمہاری یاد میں دل بے قرار کر لیں گے

اٹوٹ پیار ہے جن کو زبان اردو سے

ہم ان کو دوست میں اپنے شمار کر لیں گے

بلند حوصلہ اقبالؔ کا ہے دوست ابھی

خزاں کی فصل کو ہم برگ و بار کر لیں گے

لہو کا رنگ لیے ابر آسمان میں ہے (غزل)

لہو کا رنگ لیے ابر آسمان میں ہے

برستا خون ہر اک سمت اس جہان میں ہے

کھرچتا مانگ کا سیندور ہے جو شخص یہاں

اسی کو دیکھیے سرکار کی امان میں ہے

کبھی تو ہوگا تمہارا بھی خاتمہ ظالم

فضا میں گھول کے تو زہر کس گمان میں ہے

خدا کو بانٹتے جب تک رہیں گے لوگ یہاں

مٹے گا فاصلہ کیسے جو درمیان میں ہے

بنا زمانہ ہے دشمن مرا قدم بہ قدم

نہ جانے کون سا کانٹا مری زبان میں ہے

سمجھ میں آئے گی اقبالؔ کیا زبان تری

ابھی تو قوم کا طائر کسی اڑان میں ہے

مزید غزلیں از Mohammad Iqbal Ahmad ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں