پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد افتخارالحق سماج کی غزلیں — Mohammad Iftikharul Haq Samaj Ghazals

محمد افتخارالحق سماج کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اک طائر خضر کہیں رستہ بدل گیا (غزل)

اک طائر خضر کہیں رستہ بدل گیا

صحرائے فکر تیرا نصیبہ بدل گیا

ملنے لگی عجیب سی تعبیر بھیک میں

لگتا ہے خواب کا کوئی کاسہ بدل گیا

اظہار کرتے دل کی خموشی ذرا بتا

بدلا ہے غم کہ غم کا مداوا بدل گیا

میں ساحل گماں کی زباں سیکھتا مگر

دریائے ممکنات کا لہجہ بدل گیا

صیقل گری کمال کی اک عکس گل نے کی

آئینۂ چمن کا سراپا بدل گیا

رخصت ملی تو تحفے میں خیاط تشنگی

آسودگی کے تن کا لبادہ بدل گیا

لگنے لگی ہے پھر سے مجھے اجنبی زمیں

لگتا ہے پھر سے میرا ستارہ بدل گیا

دیوار دل سے لپٹی ہوئی یاد اور ہے (غزل)

دیوار دل سے لپٹی ہوئی یاد اور ہے

در سے جڑے فسانوں کی تعداد اور ہے

بے خوابیوں کو غور سے دیکھا تو یہ کھلا

خوابوں میں ایک رنگ ترے بعد اور ہے

چاہوں تو مصلحت کو فریضہ قرار دوں

پر کیا کروں کہ سنت اجداد اور ہے

ویرانیاں ہیں میرے مضافات میں مگر

دنیا کوئی وجود میں آباد اور ہے

آئینۂ خیال کے عکسوں نے کہہ دیا

ہم سے ورا سپاہ عدم زاد اور ہے

دریا کے بیچ بھول رہا ہوں شناوری

ساحل پہ کیا خبر کوئی افتاد اور ہے

تبدیل اس قدر ہی سزا ہو سکی مری

اس بار میرے واسطے جلاد اور ہے