Mohammad Hasnain Parwez کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خزاں کی رت میں شجر سے کلام کرتے ہوئے (غزل)
خزاں کی رت میں شجر سے کلام کرتے ہوئے
تڑپنے لگتا ہوں اکثر یہ کام کرتے ہوئے
گلے لگانا بھی جس کو میں کم سمجھتا تھا
گزر گیا ہوں اب اس کو سلام کرتے ہوئے
یہ راستہ تری کھڑکی سے جا کے ملتا ہے
سو ڈر رہا ہوں یہاں پر قیام کرتے ہوئے
کوئی عجیب سی حیرت لپیٹ لیتی ہے
تمہاری یاد کے سائے میں شام کرتے ہوئے
میں اپنی شام سہولت سے خرچ کرتا ہوں
ذرا سا وقت فقیروں کے نام کرتے ہوئے
میں ہو رہا ہوں روانہ امام کی جانب
بلا کی تشنہ لبی میں خرام کرتے ہوئے
تمہارے دھیان میں رہنا بہت ضروری ہے (غزل)
تمہارے دھیان میں رہنا بہت ضروری ہے
اسی مکان میں رہنا بہت ضروری ہے
میں جانتا ہوں مجھے دل میں کون رکھے گا
مرا گمان میں رہنا بہت ضروری ہے
کسی غریب کی بیٹی نے رب سے پوچھا ہے
ترے جہان میں رہنا بہت ضروری ہے
ہماری سانس بھی رکتے ہوئے یہ کہنے لگی
تمہاری جان میں رہنا بہت ضروری ہے
نہیں تو لوگ تمہیں دوغلا ہی بولیں گے
بس اک بیان میں رہنا بہت ضروری ہے
مٹھاس بانٹ لی کافی سو اب یہ سوچ لیا
نمک زبان میں رہنا بہت ضروری ہے