Mohammad Hashmat Raza Sahil کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کشتیاں کاغذوں کی بنانے لگے (غزل)
کشتیاں کاغذوں کی بنانے لگے
بیتے منظر مجھے یاد آنے لگے
وہ بہانے سے گھر آنے جانے لگے
چپکے چپکے مرا دل چرانے لگے
دوپہر دن میں کیا رات ہو جائے گی
رخ پہ وہ اپنی زلفیں گرانے لگے
بند پنجڑے میں دیکھا جو طوطے کو کل
وہ غلامی کے دن یاد آنے لگے
میری ماں کی دعائیں پتہ بن گئیں
راہ میں جب قدم لڑکھڑانے لگے
شعر گوئی کا دعویٰ ہے ساحلؔ جنہیں
میری غزلیں مجھی کو سنانے لگے
ملک و مذہب نہ زباں کا کوئی جھگڑا رکھیے (غزل)
ملک و مذہب نہ زباں کا کوئی جھگڑا رکھیے
آپ انساں ہیں تو انسان سے رشتہ رکھیے
بات کرتے ہوئے محفل میں سلیقہ رکھیے
اپنے اسلاف کا کچھ طور طریقہ رکھیے
غم کی تاریکی کا احساس نہ ہونے پائے
اپنے چہرے پہ تبسم کا اجالا رکھیے
اپنے شانے سے مرا ہاتھ جھٹک دیتے ہیں
ان کے آگے جو کبھی عرض تمنا رکھیے
آسماں زیر قدم رکھیے زمیں پر رہ کر
عشق و اخلاص کا انداز نرالا رکھیے
ساتھ دیتا ہے یہاں کون کسی کا ساحلؔ
حوصلہ اپنا ہر اک گام پہ بالا رکھیے