Mohammad Hasnan Shah کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
موجود سب فریب ہے ہستی کے جال میں (غزل)
موجود سب فریب ہے ہستی کے جال میں
ہے محض اک خیال خیال خیال میں
سو بار یوں لگا ہے کہ بیتا ہوا ہے سب
شاید گزر رہا ہے کوئی ماضی حال میں
حالات سازگار میسر نہ ہوں تو پھر
ہے جوہر کمال بھی باب زوال میں
اک زندگی گزار دی بے کار جو اگر
باقی تو اب گزار نہ اس کے ملال میں
واقع ہے یا خیال ہے مشہود سب یہاں
یا وحدۃ الوجود ہے پنہاں جمال میں
دھوکا نگاہ پر ہے مزین کیا ہوا
لمحہ ہے یہ فقط جو ہے جاہ و جلال میں
ہم ہیں کہ اس جہاں سے بہت کچھ چھپائے ہیں
یونہی نہیں ہے اپنا کلیجہ ابال میں
جب ہے خدا تو پھر کوئی حسنانؔ غم نہیں
اک راحت دوام ہے پنہاں وصال میں
لائق تھی جیسے ویسے نبھائی وفا نہیں (غزل)
لائق تھی جیسے ویسے نبھائی وفا نہیں
ہاں میں نے اوروں جیسے بنائے خدا نہیں
مطلب ہو تو کسی کو بھی سر پر اٹھائیے
فطرت میں اپنی تھی کبھی ایسی ادا نہیں
آقا بنا کے غیر کو خاطر میں لائیے
ایسا مقام و مرتبہ مجھ کو روا نہیں
دولت پہ ایسی تف کہ نہیں جو نصیب میں
ہو وہ عطا کہ جس میں حساب و سزا نہیں
رہنا کہ جس جہاں میں ہمیشہ نہیں تو پھر
مل جائے وہ تمام بھی تو کچھ ملا نہیں
ہم نے تو دفعتاً اسے آسان کر دیا
ہائے مگر یہ کیا ہے کہ سمجھے ذرا نہیں
نفرت میں کوئی حسن بھی آتا نہیں نظر
اور عشق میں تو عیب بھی لگتا برا نہیں