پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mohammad Firoz Shah کی غزلیں — Mohammad Firoz Shah Ghazals

Mohammad Firoz Shah کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس نے لکھا تھا حرف جدائی مرے لیے (غزل)

اس نے لکھا تھا حرف جدائی مرے لیے

پھر مٹ گئی تھی ساری خدائی مرے لیے

گجرے تمام شہر میں بانٹ آیا تو کھلا

گھر میں بھی منتظر تھی کلائی مرے لیے

سندر گلاب خواب تو خوابوں کی بات ہے

یہ رات نیند بھی تو نہ لائی مرے لیے

پر نور سر زمین پہ آ کر بھلا دیا

کس نے لہو سے شمع جلائی مرے لیے

وہ بھی تھے رتجگوں کی مسافت میں ہم سفر

تاروں نے رات رات سجائی مرے لیے

فیروزؔ میں نے خود ہی سلاسل پہن لیے

ممکن نہیں ہے اب تو رہائی مرے لیے

سر شاخسار گلاب ہیں یہ جو خواب ہیں (غزل)

سر شاخسار گلاب ہیں یہ جو خواب ہیں

کبھی خار زار عذاب ہیں یہ جو خواب ہیں

تری نسبتیں ہوں نصیب میں تو چمک اٹھیں

مری آرزو کا نصاب ہیں یہ جو خواب ہیں

رہے قلب خاک میں ان کا نم بڑی دیر تک

سر ریگزار سحاب ہیں یہ جو خواب ہیں

مری کل کمائی ہے فکر و شعر کی روشنی

یہی میرے اجر و ثواب ہیں یہ جو خواب ہیں

ترے نطق نے جو رقم کیے تھے ورق ورق

یہ وہی حروف کتاب ہیں یہ جو خواب ہیں

ترے لمس جاں کے سرور کی یہ کشید ہیں

سو مجھے تو جام شراب ہیں یہ جو خواب ہیں

نہ تو وصل فصل بہار ہو نہ ہی تو ملے

تو میں سوچتا ہوں سراب ہیں یہ جو خواب ہیں

تری یاد تاروں سے جگمگاتی ردائے شب

اسی آسماں کے شہاب ہیں یہ جو خواب ہیں

مزید غزلیں از Mohammad Firoz Shah ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں