Mohammad Ghulam Nurani کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مکیں ہے خانۂ دل میں وہ لا مکاں ہو کر (غزل)
مکیں ہے خانۂ دل میں وہ لا مکاں ہو کر
نشاں وہ رکھتا ہے ہر جز میں بے نشاں ہو کر
کبھی وہ پھول بنے باغ کے کبھی خوشبو
رہے عیاں وہ کبھی تو کبھی نہاں ہو کر
کسی نے آہ نہ کی اور سنی گئی اس کی
مرے یہ اشک برستے رہے رواں ہو کر
نہیں یقین مجھے اب تمہارا اے قاصد
خبر رقیب کو آیا ہے اور ہاں ہو کر
نگاہ یار کا جادو ہے اور کچھ بھی نہیں
الجھ پڑا ہوں میں ساقی سے بد گماں ہو کر
تمہاری آنکھ پہ افسوس کیوں نہ ہو جوہرؔ
اسے نہ دیکھ سکا اس کے درمیاں ہو کر
نظروں میں کس حسین کا چہرہ ہے آج کل (غزل)
نظروں میں کس حسین کا چہرہ ہے آج کل
دل خود بخود ہی مائل سجدہ ہے آج کل
ملتا نہیں کسی سے ہمارا مزاج اب
گردش میں اپنے بخت کا تارا ہے آج کل
اک مشت خاک میں ہے نہاں راز کن فکاں
قطرہ بھی اپنے آپ میں دریا ہے آج کل
واعظ ڈرا رہا ہے ہمیں وہ بھی دار سے
قاتل ہی کا ہمیں تو سہارا ہے آج کل
دکھتا ہے ہر کسی کو مگر دیکھتا نہیں
جس کو بھی دیکھیے وہی اندھا ہے آج کل
لیلیٰ و قیس کی کوئی کیوں داستاں سنے
جوہرؔ کے شور عشق کا چرچا ہے آج کل