پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد فہیم کی غزلیں — Mohammad Fahim Ghazals

محمد فہیم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سلگتی آنکھوں نے اشکوں سے دوستی کر لی (غزل)

سلگتی آنکھوں نے اشکوں سے دوستی کر لی

ہمارے خوابوں نے کل رات خودکشی کر لی

ہر ایک سمت تھا طوفاں بھنور میں تھی کشتی

اور اس پہ ہم نے کناروں سے دشمنی کر لی

اندھیری رات تھی گھر میں کوئی چراغ نہ تھا

جلا کے اپنا ہی دل ہم نے روشنی کر لی

ہمارے لب ابھی تشنہ ہیں گفتگو کے لئے

اگرچہ ہم نے نگاہوں سے بات بھی کر لی

یقین خود کو نہیں ہے مگر حقیقت ہے

ترے بغیر بسر ہم نے زندگی کر لی

تمہارے دم سے تھیں گلشن میں رونقیں ساری

تمہارے بعد بہاروں نے خودکشی کر لی

وہ درد بن کے ہمیشہ ہمارے دل میں رہا

جب حد سے درد بڑھا ہم نے شاعری کر لی

ٹھکانہ ڈھونڈ رہے ہیں پرندے پھر کوئی

شجر نے تند ہواؤں سے دوستی کر لی

فہیمؔ اس کی نگاہیں ہیں جھیل کی مانند

ہم ان میں کود گئے اور شناوری کر لی

تیری محفل سے میں کیا جاتا ہوں (غزل)

تیری محفل سے میں کیا جاتا ہوں

دل کے ملبے میں دبا جاتا ہوں

میں رفو گر کے اشارے پر ہوں

چاک داماں ہوں سیا جاتا ہوں

دیکھ کر مجھ کو یوں نالاں مت ہو

تو کہے تو میں چلا جاتا ہوں

تیرے کوچے سے گزر ہوتا ہے

آپ ہی آپ رکا جاتا ہوں

جرم کیا ہے یہ تو معلوم نہیں

پس دیوار چنا جاتا ہوں

بھیک مانگی ہے محبت کی مگر

اپنی نظروں میں گرا جاتا ہوں

عہد کرتا ہوں بھلانے کا تجھے

پھر تری باتوں میں آ جاتا ہوں

میں سخن تیرا نہیں ہوں پھر بھی

تیرے شعروں میں پڑھا جاتا ہوں

آرزو چاند ستاروں کی ہے

آسمانوں میں اڑا جاتا ہوں

اس نے ساون کی تمنا کی ہے

اپنی آنکھوں سے بہا جاتا ہوں میں

اس قدر راس ہے تنہائی مجھے

اپنے سائے سے جدا جاتا ہوں

لوگ پاگل تو سمجھتے ہوں گے

میں جو بے وقت ہنسا جاتا ہوں

وہ کہیں اور سے دیتا ہے صدا

میں کہیں اور چلا جاتا ہوں

دے کے لالچ ترے خوابوں کا میں

اپنی آنکھوں کو سلا جاتا ہوں

غیر پھر غیر ہیں کیا کیجے گلہ

دھوکہ اپنوں سے ہی کھا جاتا ہوں

آگ خود دل میں لگا رکھی ہے

اپنے ہاتھوں ہی جلا جاتا ہوں

زندہ رہنے کی وجہ صرف ہے تو

تیرے وعدوں پہ جیا جاتا ہوں

ایک دیوار اٹھانے کے لئے

ایک دیوار گرا جاتا ہوں

توڑا جاتا ہے مجھے روز فہیمؔ

روز تعمیر کیا جاتا ہوں

مزید غزلیں از محمد فہیم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں