پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

محمد دین تاثیر کی غزلیں — Mohammad Deen Taseer Ghazals

محمد دین تاثیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

میری وفائیں یاد کرو گے (غزل)

میری وفائیں یاد کرو گے

روؤ گے فریاد کرو گے

ہم بھی ہنسیں گے تم پر اک دن

تم بھی کبھی فریاد کرو گے

محفل کی محفل ہے غمگیں

کس کس کا دل شاد کرو گے

آ کر بھی ناشاد کیا تھا

جا کر بھی ناشاد کرو گے

ختم ہوئی دشنام طرازی

یا کچھ اور ارشاد کرو گے

مجھ کو تو برباد کیا ہے

اور کسے برباد کرو گے

چھوڑو بھی تاثیرؔ کی باتیں

کب تک اس کو یاد کرو گے

حسن کے راز نہاں شرح بیاں تک پہنچے (غزل)

حسن کے راز نہاں شرح بیاں تک پہنچے

آنکھ سے دل میں گئے دل سے زباں تک پہنچے

دل نے آنکھوں سے کہی آنکھوں نے دل سی کہہ دی

بات چل نکلی ہے اب دیکھیں کہاں تک پہنچے

عشق پہلے ہی قدم پر ہے یقیں سے واصل

انتہا عقل کی یہ ہے کہ گماں تک پہنچے

کعبہ و دیر میں تو لوگ ہیں آتے جاتے

وہ نہ لوٹے جو در پیر مغاں تک پہنچے

آنکھ سے آنکھ کہے دل سے ہوں دل کی باتیں

وائے وہ عرض تمنا جو زباں تک پہنچے

یہ رہ گزر (نظم)

یہ رہ گزر

یہ زن و مرد کا ہجوم یہ شام

فراز کوہ سے جس طرح ندیاں سر پر

لیے ہوئے شفق آلود برف کے پیکر

سفید جھیل کی آغوش میں سمٹ جائیں

یہ تند گام سبک سیر کارواں حیات

''نہ ابتدا کی خبر ہے نہ انتہا معلوم''

کدھر سے آئے کدھر جا رہے ہیں کیا معلوم

سنہری شام

یہ 'ای روس' جھلملاتا ہوا

بندھا ہوا ہے نشانہ کھنچی ہوئی ہے کماں

کسے یہ تیر لگے گا

کہاں؟ یہاں کہ وہاں!

نظر نظر سے ملی دل کا کام ختم ہوا

یہ 'ای روس' جگمگاتا ہے

کوئی ہنسے کوئی روئے یہ مسکراتا ہے

اسی مقام پہ پھر لوٹ کر میں آیا ہوں

یہ رہ گزر یہ زن و مرد کا ہجوم یہ شام

یہ تند سیر سبک گام کاروان حیات

یہ جوش رنگ یہ طغیان حسن کے جلوے

یہیں کے نور سے روشن مری نگاہیں ہیں

مرے شباب کی روندی ہوئی یہ راہیں ہیں

وہی مقام ہے لیکن وہی مقام نہیں

یہ شام تو ہے مگر وہ سنہری شام نہیں

وہ رعب داب نہیں ہے

وہ دھوم دھام نہیں

وہ میں نہیں ہوں

کہ ان کا میں اب غلام نہیں

صنم کدوں میں اجالے نہیں رہے کہ جو تھے

کہ اب وہ دیکھنے والے نہیں رہے کہ جو تھے